پاکستان کا تخریبی کارروائیوں میں بھارت کے ملوث ہونے کا معاملہ اقوام متحدہ میں اٹھانے کا فیصلہ

پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کے واقعات میں بھارتی مداخلت کے ٹھوس ثبوت موجود ہیں، ذرائع

پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کے واقعات میں بھارتی مداخلت کے ٹھوس ثبوت موجود ہیں، ذرائع، فوٹو:فائل

پاکستان نے ملک میں تخریبی کارروائیوں میں بھارت کے ملوث ہونے کا معاملہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اٹھانے کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔

سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق پاکستانی متعلقہ حکام بھارتی مداخلت کا معاملہ مؤثر انداز میں اٹھانے کے لیے لائحہ عمل تیار کررہے ہیں، پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کے واقعات میں بھارتی مداخلت کے ٹھوس ثبوت موجود ہیں جس کی بنا پر پاکستان نے تخریبی سرگرمیوں میں بھارت کے ملوث ہونے کا معاملہ اقوام متحدہ میں اٹھانے کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔


سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق حکام کا کہنا تھا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ تعلقات معمول پر لانا چاہتا ہے اور بھارتی مداخلت کا معاملہ عالمی سطح پر اٹھانے کا مقصد اسے جارحیت سے روکنا ہے۔ حکام نے کہا کہ پاکستان نے کبھی غیر ریاستی عناصر کو بھارت نہیں بھیجا بلکہ ملک کو دہشت گرد عناصر سے پاک کرنے کی مہم شروع کررکھی ہے۔ حکام کا کہنا تھا کہ بھارت کےعلاوہ افغانستان کی سرزمین کو بھی پاکستان کے خلاف استعمال کیا جارہا ہے اور سانحہ بڈھ بیر میں افغان عناصر کے ملوث ہونے کے ثبوتوں سے افغان قیادت کو بھی آگاہ کیا جائے گا۔

سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق حکام نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا یہ ایک جامع تقریر ہوگی جس میں تنازعہ کشمیر، افغانستان کے مسئلے، پاکستان کی انسداد دہشت گردی کے حوالے سے کوششوں، چین کے ساتھ تعلقات اور جنوبی ایشیا اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بھی تفصیلی ذکر ہوگا۔

https://www.dailymotion.com/video/x37mq27_pm-speech-for-gen-assembly_news
Load Next Story