آئل ٹینکرز کو اگلے ماہ ذوالفقارآباد ٹرمینل منتقل کر دیا جائیگا گورنر سندھ

یکم نومبر سے آئل ٹینکرز کو نو تعمیر شدہ ذو الفقار آباد آئل ٹینکر ٹرمینل پر منتقل کرنا شروع کردیا جائے گا, گورنر سندھ.

عشرت العبادخان کا ٹرمینل کے دورے کے موقع پر خطاب،لانڈھی کمپلیکس اورکورنگی میں تعمیر15ہزار روڈ کا افتتاح فوٹو: پی پی آئی/ فائل

گورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے کہا ہے کہ یکم نومبر سے آئل ٹینکرز کو نو تعمیر شدہ ذو الفقار آباد آئل ٹینکر ٹرمینل پر منتقل کرنا شروع کردیا جائے گا۔

جبکہ آئل ٹرمینل کے فیز II کا تعمیراتی کام جلد از جلد مکمل کیا جائے، نیشنل ہائی وے پر ٹریفک جام سے بچنے کیلیے آئل ٹینکر ٹرمینل جانے کیلیے ایک کلومیٹر طویل الگ ٹریک تعمیر کیا جائے، یہ بات انھو ں نے ذوالفقار آباد آئل ٹینکر ٹرمینل کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے کہی، صوبائی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی رضا ہارون، ایڈمنسٹریٹر کراچی محمد حسین سید، کمشنر کراچی ہاشم رضا زیدی، واٹر بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر مصباح الدین فرید، ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل سروسزالطاف جی میمن اور دیگر اعلیٰ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے ۔

انھوں نے کہا کہ شہر سے آئل ٹینکرز کی منتقلی سے کافی حد تک ٹریفک جام سے نجات ملے گی اور منتقلی مکمل ہونے کے بعد شہر میں آئل ٹینکرز پارک کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، انھوں نے کہا کہ 120 ایکڑ رقبے پر تعمیر ہونے والے اس آئل ٹینکر ٹرمینل پر 2375 ٹینکرز بیک وقت پارک ہوسکیں گے، نیشنل ہائی وے سے آئل ٹرمینل تک آنے کیلیے تین دورویہ داخلی سڑک تعمیر کی گئی ہے۔

ایڈمنسٹر یٹرکراچی محمد حسین سید نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ آئل ٹینکر ٹرمینل شہر کی اہم ضرورت تھی اور اس کی تعمیر کے بعد شیریں جناح کالونی، کلفٹن، بلاول چورنگی سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں پارک ہونے والے آئل ٹینکرز کو یہاں منتقل کردیا جائے گا اس آئل ٹینکرٹرمینل میں مختلف سہولیات فراہم کی گئی ہیں جس میں 10ہزار سے زائد افراد کی ضروریات کیلیے انفراسٹرکچر سمیت پارکنگ کے علاوہ مختلف بینک برانچز، پیٹرول پمپس، ٹرانسفارمرز روم، کلینک، میڈیکل اسٹور، اسپیئر پارٹس شاپ، ورکشاپ، ٹائر شاپس، مساجد ، ریسٹ رومز اور کیفے ٹیریا اور 100 سے زائدبیت الخلا تعمیر کیے جائیں گے جبکہ ایک لاکھ گیلن پر مشتمل انڈر گرائونڈ ٹینک اور 60 ہزار گیلن پر مشتمل بالائی ٹینک بھی تعمیر کیا گیا ہے۔


قبل ازیں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے لانڈھی کمپلیکس او رکورنگی میں تعمیر ہونے والے 15ہزار روڈ کا افتتاح کیا، لانڈھی میڈیکل کمپلیکس میں آپریشن تھیٹرز، ایکسرے، ٹیکنیکل لیبارٹری سمیت تمام جدید سہولیات فراہم کی گئی ہیں ،گور نر سندھ نے کہا کہ لانڈھی میڈیکل کی Rehabilitation کے بعد اب کورنگی لانڈھی ملیر اور ان سے ملحقہ علاقوں کے مکینوں کو تمام طبی سہولیات ان کے اپنے علاقے میں ہی دستیاب ہوں گی، انھوں نے کہا کہ لانڈھی میڈیکل کمپلیکس میں مختلف امراض کے ماہرین ،ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کو تعینات کیا گیا ہے اور 24گھنٹے ایمرجنسی کی سہولیات بھی دستیاب ہونگی۔

انھوں نے کہا کہ کورنگی لانڈھی میں مختلف ترقیاتی اسکیموں کو مکمل کیا گیا ہے اور ان علاقوں میں بڑے پیمانے پر ترقیاتی کام ہورہا ہے، اس موقع پر ممبران قومی اسمبلی آصف حسنین ڈاکٹرایوب شیخ، ممبر صوبائی اسمبلی ساجداحمد ،سینئر ڈائریکٹر میڈیکل سروسز اے ڈی سنجانی اور دیگر افسران بھی موجود تھے،15 ہزار روڈ کورنگی کا افتتاح کرتے ہوئے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ روڈ کی تعمیر کے ساتھ یہاں اسٹریٹ لائٹس کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے ،انھوں نے کہا کہ کورنگی میں 15000 روڈ ، 14000 روڈ اور 12000 روڈ کی تعمیرسے کورنگی کے مختلف علاقوں کو ٹریفک کی بہتر سہولیات فراہم ہوسکیں گی۔

جس سے یہاں کے مکینوں کو سہولیات میسر آئیں گی، انھو ںنے کورنگی کازوے کو تین رویہ کرنے کے کام کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی اور توقع ظاہر کی کہ کورنگی کازوے کی تعمیر کے بعد اس روڈ پر ہونے والے آئے دن ٹریفک حادثات سے لوگوں کو نجات ملے گی جبکہ نیو جرسی بریئر لگنے کے بعد ٹریفک کو آنے جانے میں دشواری سے نجات ملے گی، گورنر سندھ نے ہدایت کی کہ کورنگی کازوے پر مناسب اسٹریٹ لائٹس کا انتظام کیا جائے تاکہ اندھیرے کے باعث جو حادثات رونما ہوتے ہیں ان سے بھی نجات مل سکے۔

دریں اثناء کمشنر کراچی ہاشم رضا زیدی نے کہا ہے کہ شیریں جناح کالونی سے ائل ٹینکرز کی منتقلی کا کام عید الاضٰحی کے فوری بعد شروع کر دیا جائیگا اور اس سلسلے میں مائیکرو لیول پر تمام مسائل کا جائزہ لینے کے لئے پیر کے روز پی ایس او ہاوس میں ایک اجلاس منعقد ہوگا، ان خیالات کا اظہار انھوں نے اپنے دفتر میں ذوالفقار آباد آئل ٹرمینل کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کے موقع پر کیا۔
Load Next Story