تحریک انصاف کے غبارے سے ہوا نکل چکی ہے سردار ایاز صادق

این اے 122 کے ضمنی انتخاب میں لوگ مجھے 2013 سے زیادہ ووٹ دے کر کامیاب بنائیں گے، سابق اسپیکر قومی اسمبلی

این اے 122 کی انتخابی مہم چلانے کے لئے عمران خان آئیں یا کوئی اور ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا، سردار ایاز صادق۔ فوٹو: فائل

سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور این اے 122 سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ ضمنی انتخاب سے قبل ہی تحریک انصاف کے غبارے سے ہوا نکل چکی ہے۔

سابق سپیکر قومی سردار ایاز صادق نے عید کی نماز جامعہ نعیمیہ گڑھی شاہو میں ادا کی۔ نماز کی ادائیگی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ این اے 122 کے انتخابی نتائج 2013 کے نتائج سے مختلف نہیں ہوں گے بلکہ عوام مجھے پہلے سے زیادہ ووٹ دے کر کامیاب کرائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ضمنی انتخاب سے قبل ہی تحریک انصاف کے غبارے سے ہوا نکل چکی ہے۔


مسلم لیگ (ن) کے رہنما کا کہنا تھا کہ این اے 122 کی انتخابی مہم چلانے کے لئے عمران خان آئیں یا کوئی اور ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا لیکن سیاسی جماعتوں کے سربراہوں پر انتخابی مہم چلانے کے حوالے سے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے میں ابہام ہے، ابہام دور ہو گیا تو وزیراعظم اور وزیراعلی پنجاب کے بطور سیاسی جماعت کے سربراہ کے انتخابی مہم چلانے کا عندیہ آ سکتا ہے۔

سابق اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ نیب کوقانون کے دائرے میں رہتے کرپشن کوروکناچاہیے کیونکہ ملک کو کرپشن سے پاک کئے بغیر چارہ نہیں، دعا ہے کہ اللہ ملک کو دہشت گردی کی لعنت سے پاک کرے تاکہ ملک خوشحال اور ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔
Load Next Story