ورکنگ باونڈری پردیواربنانےکی بھارتی کوشش برداشت نہیں کی جاسکتی پاکستان

امریکامیں پاک بھارت وزرائے اعظم یا وزرائے خارجہ ملاقات کا کوئی امکان نہیں، سیکریٹری خارجہ

شمالی وزیرستان میں تمام دہشت گردوں کی پناہ گاہیں ختم کردی ہیں، اعزاز چوہدری فوٹو: فائل

سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت ورکنگ باونڈری پر دیوار بنا رہاہے جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جاسکتا۔

نیویارک میں اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران سیکریٹری خارجہ نے کہا کہ بھارت ورکنگ باونڈری پر دیوار بنا رہاہے جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جاسکتا۔ یہ عمل دونوں ملکوں کے درمیان طے پانے والے سمجھوتے کی خلاف ورزی ہے کہ ورکنگ باونڈری اور لائن آف کنٹرول پرتعمیراتی کام نہیں ہو گا اور یہ اس سمجھوتے کی خلاف ورزی ہے۔ پاکستان کی مستقل مندوب نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور سیکیورٹی کونسل کے صدر کو اس سلسلے میں خط لکھا ہے اور ان سے درخواست کی ہے کہ اسے سرکاری دستاویزات کی حیثیت دی جائے۔


اعزاز چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان میں دہشت گردوں کے خلاف جنگ جاری ہے، شمالی وزیرستان میں تمام دہشت گردوں کی پناہ گاہیں ختم کردی ہیں۔ بھارت پاکستان کے اندرونی معاملات پر مداخلت کررہا ہے اور یہ معاملہ ہر بین الاقوامی فورم پراٹھایا جائے گا۔
سیکریٹری خارجہ نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران مشیر خارجہ سرتاج عزیز کی 20 ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں طے ہیں، اس کے علاوہ وزیراعظم نواز شریف کی امریکی صدر براک اوباما اور برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کے علاوہ جرمنی ،اٹلی ،ترکی، سری لنکا، نیپال ،جنوبی کوریا اور ورلڈ بینک کے سربراہ سے ملاقاتیں طے ہیں لیکن بھارتی وزیراعظم سے کسی قسم کی ملاقات کا کوئی امکان نہیں اورنہ ہی وزرائے خارجہ کی سطح پر ملاقات کا امکان ہے۔

اس موقع پر ملیحہ لودھی نے کہا کہ کنٹرول لائن پر خلاف ورزیوں کے خلاف اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری بان کی مون کو ایک اورخط لکھ دیا گیا ہے۔

https://www.dailymotion.com/video/x37tzmz_aizaz-chowdhry_news
Load Next Story