ضمنی امتحانات کا شفاف انعقاد ترجیح ہےچیئرمین میٹرک بورڈ

31000 طلبہ امتحان میں شریک ہونگے،طلبا کے 44 اور طالبات کے 38 مراکز قائم۔

بدنظمی پر سپرنٹنڈنٹ ذمے دار ہونگے، رپورٹنگ سیل قائم کیا گیا ہے،فصیح الدین خان. فوٹو: فائل

ثانوی تعلیمی بورڈکراچی کے اعلامیے کے مطابق 23 اکتوبر 2012 سے شروع ہونے والے میٹرک کے ضمنی امتحانات کے انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔


اس سلسلے میں آج امتحانی مراکز کے سینئر سپرنٹنڈنٹ اور سینئر کنٹرول آفیسر کا مشترکہ اجلاس ہوا، اجلاس میںسیکریٹری بورڈ مسز حور مظہر ، ناظم امتحانات نعمان احسن اور معاون ناظم امتحانات ہدایت اللہ انصاری شریک تھے،چیئر مین بورڈ فصیح الدین خان نے اجلاس سے خطاب میںکہا کہ بورڈ کی اولین ترجیحات میں سے ایک اہم ترجیح یہ ہے کہ امتحانات کا انعقاد شفاف اور نقل سے پاک ہو،انھوں نے افسران سے کہا کہ اپنے اپنے امتحانی مراکز پر طلبا و طالبات کو بہترین سہولیات مہیا کرنے کو یقینی بنائیں، امتحانات وقت مقررہ پر شروع کرائیں اور وقت ہی پر ختم کرائیں طلبا و طالبات کو پورا وقت دیا جائے۔

ہم نے باہمی مشاورت سے طے کیا ہے کہ اچانک امتحانی مراکز کا دورہ کریں گے، بدنظمی و بدانتظامی کی صورت میں سینئر سپرنٹنڈنٹ ذمے دار ہونگے،ناظم امتحانات نعمان احسن نے کہا کہ اس سال ضمنی امتحان میںشرکت کرنے والے طلبہ و طالبا ت کی تعداد تقریباً 31000 ہے اس سلسلے میں طلبا کے 44 اور طالبات کے 38 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں،اس موقع پر سیکریٹری بورڈ مسز حور مظہر نے کہا کہ امتحانات طلبا و طالبات کی ذہنی صلاحیت کو جانچنے کا ایک بہترین معیار ہے۔
Load Next Story