ملکی وقار پر سمجھوتہ کئے بغیر بھارت کیساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں سربراہ پاک فوج

آپریشن ضرب عضب ادھورا نہیں چھوڑیں گے اور پاکستان سے دہشت گردی کو جڑ سے ختم کر کے ہی دم لیں گے، جنرل راحیل شریف

کراچی میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن سے شہر میں سکون قائم ہوا ہے، آرمی چیف۔ فوٹو:فائل

آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ تعلقات چاہتے ہیں لیکن ملکی وقار اور خود مختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

لندن میں پاکستانی ہائی کمشنر ابن عباس کی جانب اپنے اعزاز میں دیئے گئے عشایئے سے خطاب کرتے ہوئے جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے خلاف شروع کیا گیا آپریشن ضرب عضب ادھورا نہیں چھوڑیں گے جب کہ پاکستان سے دہشت گردی کو جڑ سے ختم کر کے ہی دم لیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان، بھارت اور افغانستان سمیت تمام ہمسایہ ممالک سے بہتر تعلقات چاہتا ہے لیکن ملکی وقار اور خود مختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔


آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان میں 10 ہزار سے زائد انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کئے جس میں دہشت گردوں اور ان کے مددگاروں کو بھی نشانہ بنایا گیا جب کہ کراچی میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن سے شہر میں سکون قائم ہوا ہے۔ دہشت گردو ں کے خلاف جنگ میں پوری قوم فوج کے ساتھ ہے، 5 ہزار فوجی اس جنگ میں شہید ہوئے، آئی ڈی پیز کی منتقلی جاری ہے اور ان کی آبادکاری ایک بڑٓ چیلنج ہے۔

جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ پاک چائنا اکانامک کوریڈور خطے میں اقتصادی خوشحالی لائے گا، پاکستان بہتری کی جانب گامزن ہے اور اب غیر ملکی سرمایہ کار یہاں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ ہمارا اتحادی ہے اور اس کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں۔
Load Next Story