جنوبی افریقا نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں بھارت کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی

بھارت نے مہمان ٹیم کو 200 رنز کا ہدف دیا جسے جنوبی افریقا نے 3 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کرلیا۔

بھارت نے مہمان ٹیم کو 200 رنز کا ہدف دیا جسے جنوبی افریقا نے 2 گیندوں قبل حاصل کرلیا۔،فوٹو:اے ایف پی

KARACHI:
جنوبی افریقا نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں بھارت کو سات وکٹوں سے شکست دے کر بھارتی سورماؤں کو ان کےگھر میں ہی ڈھیر کردیا۔

بھارتی ریاست ہمانچل پردیش کے شہر دھرما شالا میں دنیا کے سب سے بلند کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں مہمان ٹیم نے ٹاس جیت کر بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی جس پر بھارتی ٹیم نے روہت شرما کی 55 گیندوں پر 106 رنز کی اننگز کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے تاہم مہمان ٹیم نے ہدف کا تعاقب کر کے بھارتی سورماؤں کے ہکا بکا کردیا۔


200 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقا نے جارحانہ آغاز کیا اور اوپنرز نے 77 رنز کا مستحکم آغاز فراہم کیا،ہاشم آملہ 36 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ اے بی ڈیویلیئرز نے صرف 32 گیندوں پر 51 رنز بنائے اورایشون کا شکار بنے۔ان کے بعد آنے والے ڈپلیسی صرف 4 رنز کا اضافہ کرکےاروند کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ اس موقع پر آل راؤنڈر جے پی ڈومنی نے دھواں دھار اننگز کھیلی اور بھارتی ٹیم کی امیدوں پر پانی پھیر دیا انہوں نے صرف 34 گیندوں پر7 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 68 رنز بنائے جب کہ ان کے ساتھی کھلاڑی فرحان بہار دین نے بھی ذمہ دارانہ کھیلتے ہوئے 23 گیندوں پر 32 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے.

اس سے قبل بھارت کی جانب سے روہت شرما نے 5 چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 55 گیندوں پر 106 رنز بنائے، دیگر بلے بازوں میں ویرات کوہلی نمایاں رہے جنہوں نے 46 رنز بنائے جب کہ ان کے علاوہ شیکھر دھون صرف چار رنز بنا کررن آٹ ہوئے، رائنا اور دھونی نے بالترتیب 14 اور 20 رنز بنائے۔ جنوبی افریقا کی جانب سے ایبٹ نے 2 اور مورس نے ایک وکٹ حاصل کی جب کہ 2 کھلاڑی رن آؤٹ ہوئے۔ میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پر جے پی ڈومنی کو مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔
Load Next Story