ووہان ٹینس وینس ولیمز کی سیزن میں دوسری ٹائٹل فتح

گاربین مگروزا ٹخنے کی انجری کے سبب ریٹائر، تاشقند میں ناؤ ہیبانو نے ڈبلیو ٹی اے کی اولین شرکت کو ٹرافی سے یادگاربنالیا

ملائیشین اے ٹی پی میں ڈیوڈ فلکیانو لوپز چیمپئن بن گئے،نک کریگوئس کو مات، بیجنگ میں بارش کے سبب سیمی فائنلز ملتوی ۔ فوٹو : اے ایف پی

وینس ولیمز نے سیزن کا دوسرا ٹائٹل ووہان ویمنز ٹینس ٹرافی کی صورت میں جیت لیا،

تفصیلات کے مطابق ووہان ویمنز ٹینس ٹورنامنٹ کے فائنل میں امریکی اسٹار وینس ولیمز نے اسپینش حریف گاربین مگروزا کیخلاف پہلا سیٹ 6-3 سے جیتا، دوسرے میں بھی تینوں ابتدائی گیمز میں انھیں فتح نصیب ہوئی لیکن اس مرحلے پر مگروزا انجرڈ ہونے پر مقابلہ جاری نہیں رکھ پائیں اور کورٹ سے باہر جانے پر مجبور ہوگئیں، مقابلہ 53 منٹ تک جاری رہا، عالمی درجہ بندی میں آٹھویں نمبر پر موجود گاربین مگروزا عالمی رینکنگ میں وینس سے16 درجے بلندی پر ہیں ۔


انھوں نے گذشتہ دن سیمی فائنل میں جرمن حریف اینجلیک کیربرکوسخت مقابلے میں زیر کیا تھا، اس میچ کے اختتامی مراحل میں انھیں ٹخنے میں موچ پیش آگئی تھی ، فائنل میں یہی تکلیف دوبارہ نمودار ہونے پر انھیں ریٹائرڈ ہونا پڑا، میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو میں ومبلڈن فائنلسٹ 21 سالہ مگروزا نے کہا کہ میرے لیے مقابلہ کو ادھورا چھوڑکرجانا غمناک رہا لیکن بعض اوقات آپ کا جسم ساتھ نہیں دے پاتا، وینس نے سیمی فائنل میں اطالوی حریف روبریٹا ونسی کو شکست دے کر سرینا ولیمز کی یوایس اوپن میں شکست کا حساب چکتا کیا تھا۔دوسری جانب جاپانی پلیئر ناؤ ہیبانو نے کروشین حریف ڈونا ویسک کو اپ سیٹ شکست دیتے ہوئے کیریئر کا پہلا ڈبلیو ٹی اے ٹائٹل جیت لیا، انھوں نے تاشقند ویمنز ٹینس کے فائنل میں ویسک کیخلاف 6-2،6-2 سے کامیابی حاصل کی۔

جاپانی کھلاڑی نے سیمی فائنل میں دفاعی چیمپئن بوجانا جونواسکی کو مات دے کر سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کرالی تھی، فیصلہ کن معرکے میں بھی وہ ویسک کیخلاف مکمل طور پر چھائی رہیں، ہیبانو اس سے قبل سیکنڈ ٹائر آئی ٹی ایف میں 7 ٹائٹلز جیت چکیں،انھوں نے ڈبلیو ٹی اے ٹور میں اپنی پہلی ہی شرکت کو ٹائٹل فتح سے یادگار بنالیا۔

ملائیشن اوپن میں سیکنڈ سیڈ فلکیانو لوپز چیمپئن بن گئے، اسپیشن اسٹار نے فائنل میں آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے نک کریگوئس کو 7-6 (7/2)،7-6 (7/5) سے شکست دے دی۔بیجنگ میں جاری شینزن مینز ٹینس کے سیمی فائنلز شہر میں ہونے والی شدید بارش کے سبب اتوار تک ملتوی کردیے گئے، اس مرحلے میں ٹاپ سیڈ ٹوماس بریڈیچ کا سامنا ٹومی روبریڈو سے ہوگا جبکہ مارن کلک کو گولیرمو گارشیا لوپز کا چیلنج درپیش ہے، سنگلز فائنلز کے نظام الاوقات کا ابھی حتمی اعلان نہیں کیاگیا ہے۔
Load Next Story