اسٹیٹ بینک جعلی نوٹ پکڑنے والی مشینیں درآمد کرے گا

اسٹیٹ بینک کے دفاتر میں جعلی کرنسی کی جانچ کیلیے 6مشینیں لگائی جا چکی ہیں

اسٹیٹ بینک کے دفاتر میں جعلی کرنسی کی جانچ کیلیے 6مشینیں لگائی جا چکی ہیں جبکہ جلد ہی مزید دس مشینیں درآمد کی جا رہی ہیں۔ فوٹو: فائل

جعلی کرنسی کی جانچ پڑتال کیلیے جلد ہی پورے ملک میں اسٹیٹ بینک کے تمام دفاتر میں مشینیں لگا دیں جائیں گی۔


تفصیلات کے مطابق ترجمان اسٹیٹ بینک عابد قمرکا کہنا تھا کہ ملک میں جعلی کرنسی کی روک تھام کیلیے اسٹیٹ بینک بھرپور انداز میں کام کررہا ہے۔ اس حوالے سے اسٹیٹ بینک کے دفاتر میں جعلی کرنسی کی جانچ کیلیے 6مشینیں لگائی جا چکی ہیں جبکہ جلد ہی مزید دس مشینیں درآمد کی جا رہی ہیں جس کے بعد مرکزی بینک کے تمام دفاتر میں جعلی نوٹوں کو جانچنے کا نظام مکمل ہو جائیگا۔

اس سے قبل سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کی جانب سے جعلی نوٹوں کے اجرا کے بارے میں سوال اٹھایا گیا تھا جس کا جواب اسٹیٹ بینک کی جانب سے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں ہی دے دیا گیا تھا جس میں واضح کیا گیا تھا کہ کسی بھی بینک سے جعلی نوٹوں کا اجرا نہیں کیا گیا نہ ہی ایسی کوئی شکایت موصول ہوئی۔ واضح رہے کہ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے انکشاف کیا کہ عید الاضحی کے موقع پر قربانی کے جانور خریدنے کیلیے جعلی نوٹوں کا استعمال کیا گیا، جعلی نوٹ ایک بنک کی جانب سے جاری کیے گئے تھے۔
Load Next Story