ملک میں جلد انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہوجائے گی ذکا اشرف

یہ خوش آئند بات ہے کہ پرائیویٹ انٹرنیشنل ٹیم کی آمد پر شائقین نے انھیں زبرست انداز میں خوش آمدید کہا

پاکستان کرکٹ بورڈکے چیئرمین ذکا اشرف نے کہا کہ بنگلہ دیش اور زمبابوے سمیت چار ممالک سے پاکستان کے دورے کی بات چیت چل رہی ہے۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

TORONTO:
پاکستان کرکٹ بورڈکے چیئرمین ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ ملک میں جلد انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہوجائے گی۔

زمبابوے اور بنگلہ دیش سمیت چار ممالک کو پاکستان بلانے کے حوالے سے بات چیت جاری ہے، کراچی میں انٹرنیشنل ورلڈ الیون اور آل پاکستان اسٹارز کے درمیان دوسرے میچ کو دیکھنے کیلیے نیشنل اسٹیڈیم آمد پر میڈیا سے گفتگو میں انھوں نے یہ باتیں کہیں، پاکستان آکر کھیلنے کے حوالے سے ہمیں مختلف بورڈز سے مثبت پیغامات ملے ہیں، آئی سی سی میٹنگ کے دوران کولمبو میں ، میں نے بنگلہ دیش سے دورے کے بارے میں بات چیت کو دوبارہ شروع کیا ہے، جبکہ زمبابوے سے بھی ہمارا رابطہ ہے، اس کے علاوہ دیگر دو کرکٹ بورڈز سے بھی ہماری گفت وشنید چل رہی ہے۔


انھوں نے ایک سوال پر کہا کہ میں اس حوالے سے کوئی حتمی تاریخ نہیں دے سکتا، لیکن یہ ضرور کہ سکتا ہوں کہ پاکستانی شائقین کرکٹ کو اس حوالے سے جلد اچھی خبر ملے گی، شاید انٹرنیشنل کرکٹ اس برس ہی ملک میںواپس آجائے، آئندہ مرتبہ ہم کراچی کو بطور وینیو زیر غور لائیں گے، انھوں نے مزید کہاکہ اس وقت بنگلہ دیش اور زمبابوے آنے کے لیے تیار ہیں۔ ہم جلد ہی پلان بناکر انھیں یہاں بلائیںگے، انٹرنیشنل ورلڈ الیون کی پاکستان آمد خوش آئند اقدام ہے، غیر ملکی ٹیموں کے سیکیورٹی خدشات دور کرنے میں مدد ملی ہے،انھوں نے بنگلہ دیش کی جانب سے دورے سے انکار کے بارے میں سوال پر کہا کہ یہ دورہ پنجاب حکومت کی وجہ سے منسوخ ہوا تھا۔

انھوں نے سیکیورٹی کی ضمانت نہیں دی تھی۔ اسلیے اس وقت بنگلہ دیش نے اپنی ٹیم بھیجنے سے انکار کردیا تھا، یہ خوش آئند بات ہے کہ پرائیویٹ انٹرنیشنل ٹیم کی آمد پر شائقین نے انھیں زبرست انداز میں خوش آمدید کہا۔ صوبائی وزیر کھیل ڈاکٹر محمد علی شاہ کی جانب سے ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کے لیے اچھا اقدام ہے، میں انکی کوششوں کوسراہتا ہوں تاہم یہ انٹرنیشنل کرکٹ نہیں ہے۔ یہ دنیا کے ان کھلاڑیوں کا گروپ ہے جن میں زیادہ تر اس وقت انٹرنیشنل کرکٹ سے کنارہ کش ہوچکے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ڈاکٹر شاہ نے ان پرائیویٹ میچز کے انعقاد کے لیے پی سی بی سے مدد مانگی تھی، ہم نے انھیں نیشنل اسٹیڈیم فراہم کردیا اور اپنے کچھ زیر معاہدہ کھلاڑیوں کو کھیلنے کی اجازت دی۔ انھوں نے جو سہولیات مانگیں ہم نے دیں۔ اس میں کوئی شک نہیں یہ ایک مثبت قدم ہے جسکی وجہ سے پی سی بی نے اسکی حمایت کی اور اس سے پاکستان کے امیج کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ اس سے غیر ملکی کھلاڑیوں میں اعتماد پیدا ہوگا۔ پاکستان کے شائقین کو کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔
Load Next Story