کرایوں میں اضافہ مسابقتی کمیشن نے نجی ایئر لائنز کیخلاف انکوائری شروع کر دی

نجی ایئرلائنزپر پی آئی اے انتظامیہ اور پالپا کے درمیان ڈیڈلاک سے فائدہ اٹھانے کا شبہ

مسابقتی کمیشن آف پاکستان نے معلومات فراہی کا یہ حکم مسابقتی ایکٹ 2010 کے سیکشن 37 کے تحت شروع کی گئی انکوائر ی کے بعد جاری کی فوٹو : فائل

مسابقتی کمیشن آف پاکستان نے کرایوں میں اضافے اور قوانین کی خلاف ورزی پر نجی ایئر لائنز کے خلاف تحقیقات شروع کرتے ہوئے نجی ایئر لائنز کے چیف ایگزیکٹو افسران سے حالیہ کرایوں میں بلاجواز اضافے کے بارے میں معلومات طلب کرلیں۔

اس ضمن میں مسابقتی کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) نے نجی ایئرلائنز کے سربراہان کو مسابقتی ایکٹ 2010 کے سیکشن 36 کے تحت خصوصی حکم جاری کرتے ہوئے اپنے فضائی کرایوں میں حالیہ کیے گئے اضافے پر معلومات فراہم کرنے کا کہا ہے اور 8 اکتوبر 2015 کو مسابقتی کمیشن کی جانب سے قائم کی گئی انکوائری کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔

مسابقتی کمیشن آف پاکستان نے معلومات فراہی کا یہ حکم مسابقتی ایکٹ 2010 کے سیکشن 37 کے تحت شروع کی گئی انکوائر ی کے بعد جاری کیا، انکوائری میں یہ بات دیکھی جا رہی ہے کہ کہیں نجی ایئر لائنزکی طرف سے حالیہ دنوں میں فضائی کرایوں میں کیا گیا نا معقول اضافہ پی آئی اے انتظامیہ اور پالپا کے درمیان ڈیڈلاک کے نتیجے میں پروازیں منسوخ ہونے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے تو نہیںکیا گیا۔ سی سی پی کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ اس اچانک کیے گئے اضافے سے صارفین پر اضافی بوجھ پڑ گیا ہے جو پہلے ہی پالپا کی جانب سے کی گئی ہڑتال سے متاثر ہو رہے ہیں۔


سی سی پی کا کہنا ہے کہ مسابقتی کمیشن آف پاکستان کا سیکشن 3 اشیا اور خدمات کی قیمتوں میں نامعقول اضافے سے منع کرتا ہے اور سیکشن 4 اداروں کو قیمتوں پر ساز باز سے روکتا ہے۔ سی سی پی کے مطابق اس انکوائری کے ذریعے کمیشن ممکنہ طور پر بالادستی کے غلط استعمال یا فضائی کرایوں میں اضافے پر سازباز کے متعلق تحقیق کریگا، نجی ایئرلائنز کی جانب سے معلومات کی عدم فراہمی کی صورت میں کمیشن سی ای اوز کے خلاف قانونی کارروائی کر سکتا ہے۔

سی سی پی حکام کا کہنا ہے کہ کمیشن نے انفورسمنٹ ڈپارٹمنٹ کے حکام پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی ہے جس نے ایئر لائنز کے خلاف تحقیقات شروع کر دی ہیں اور اس بارے میں نجی ایئر لائنز کے سی ای اوز کو جاری کردہ خصوصی حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ کرایوں میں بلاجواز اضافہ کے حوالے سے جمعرات کو انکوائری کمیٹی کے سامنے پیش ہوکر معلومات فراہم کریں، نکوائری کمیٹی ایئرلائنز کا ڈیٹا اکٹھا کرے گی۔

سی سی پی حکام کے مطابق پالپا کی ہڑتال کے باعث نجی ایئرلائنز نے کرایوں میں خود ساختہ اضافہ کر دیا جو مسابقتی قوانین کی خلاف ورزی ہے، انکوائر ی کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں ایئرلائنز کے خلاف مزید کارروائی کا فیصلہ کیا جائے گا اور مرتکب ایئر لائنز کو شوکاز نوٹس جاری کیے جائیں گے۔
Load Next Story