بھارت میں ’’جنونی‘‘ شائقین کو لگام ڈالنے کا فیصلہ

کانپور میں جال کے پیچھے بیٹھ کرمیچ دیکھیں گے،بورڈکی کٹک واقعہ پرجواب طلبی

کانپور میں جال کے پیچھے بیٹھ کرمیچ دیکھیں گے،بورڈکی کٹک واقعہ پرجواب طلبی: فوٹو : اے ایف پی

GUJRANWALA:
بھارت میں ''جنونی'' شائقین کو لگام ڈالنے کا فیصلہ کرلیا گیا، کانپور میں جال کے پیچھے بیٹھ کر میچ دیکھیں گے، بورڈ نے کٹک واقعہ پر اڑیسہ کرکٹ ایسوسی ایشن سے جواب طلب کرلیا۔ ادھر سچن ٹنڈولکر کو شریفوں کے کھیل میں اپنے ہموطنوں کی بدمعاشی نے شرمندہ کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان دوسرے ٹوئنٹی 20 میچ میں شائقین کی ہلڑ بازی عروج پررہی، بوتلیں گراؤنڈ میں اچھالے جانے کے بعد منتظمین نے دیگر مقابلوں میں شائقین کو تمیز کے دائرے میں رکھنے کیلیے سخت انتظامات کا فیصلہ کیا ہے۔


اس سلسلے میں کانپور میں 11 اکتوبرکو پہلے ون ڈے میچ کے موقع پر شائقین کو پانی کی بوتلیں، ٹفن اور اسی طرح کی دیگر چیزیں ساتھ لانے سے منع کردیا گیا،اسٹینڈز کے آگے 10 فٹ اونچا جال بھی تانا جائے گا تاکہ اگر وہ کوئی چیز اچھالیں بھی تو وہ فیلڈ میں نہ جائے۔ ادھر بورڈ نے کٹک واقعے پر اڑیسہ کرکٹ ایسوسی ایشن سے جواب طلب کرلیا، اعلامیہ میں کہا گیاکہ صدر شیشانک منوہر نے اڑیسہ کرکٹ کے سیکریٹری آشیرواد بہیرا سے 2 روز کے اندر اسٹیڈیم میں پیش آنے والے واقعے اور تماشائیوں کو آئی سی سی گائیڈ لائن کے برعکس بوتلیں ساتھ لے جانے کی اجازت دینے پر جواب طلب کرلیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ دوسرے ٹوئنٹی 20 میں کراؤڈ کے اس نازیبا رویے پر کٹک کے بارہ بتی اسٹیڈیم پر انٹرنیشنل مقابلوں کے انعقاد پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔ دوسری جانب سچن ٹنڈولکر نے بھی اس واقعے پر شرمندگی کا اظہار کیا، انھوں نے کہا کہ جوکچھ اس مقابلے میں ہوا وہ کھیل کیلیے کسی صورت اچھا نہیں ہے، ایسا پہلے بھی ہوتا رہا، ہمیں ان غلطیوں سے سیکھنے کی ضرورت ہے۔

ہم سب ہی اس کھیل سے والہانہ لگاؤ رکھتے اس لیے کبھی کبھار کافی جذباتی اور غصے میں بھی آجاتے ہیں، مگر جذبات کے اظہار کا یہ طریقہ کسی بھی صورت مناسب نہیں ہے، میں تمام شائقین سے درخواست کروں گا کہ وہ اب کچھ بڑے ہونے کا ثبوت دیں، مایوسی اور غصے سے نمٹنے کے اور بھی کئی طریقے ہیں، اس لیے ایسی حرکتوں سے اجتناب برتا جائے۔
Load Next Story