میاندادیونس کو10ہزاررنزبناتے دیکھنے کے خواہشمند

سابق کپتان نے اپنا ریکارڈ توڑنے کیلیے کوشاں بیٹسمین کوپیشگی مبارکباد پیش کر دی

سابق کپتان نے اپنا ریکارڈ توڑنے کیلیے کوشاں بیٹسمین کوپیشگی مبارکباد پیش کر دی فوٹو: فائل

سابق کپتان جاوید میانداد نے اپنا ریکارڈ توڑنے کے لیے کوشاں یونس خان کو پیشگی مبارکباد دیتے ہوئے دعا کی کہ اللہ کرے وہ ٹیسٹ میں 10 ہزار رنز کا سنگ میل بھی عبور کرلیں۔

میانداد نے کہاکہ میری دعائیں یونس کے ساتھ ہیں، میں چاہتا ہوں کہ وہ نہ صرف میرا ریکارڈ توڑیں بلکہ ٹیسٹ میں 10 ہزار رنز بھی بنائیں، اگر ایسا ہوا تو مجھے بہت خوشی ہو گی۔انھوں نے کہا کہ کرکٹ میں ریکارڈز بنتے اور ٹوٹتے رہتے ہیں لیکن بعض ناقابل فراموش ہوتے ہیں، واضح رہے کہ یونس خان کو پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ 8832 رنز بنانے والے جاوید میانداد کا ریکارڈ اپنے نام کرنے کے لیے مزید 19 رنز درکار ہیں، سابق اسٹار نے یہ کارنامہ 124 میچز میں انجام دیا تھا، یونس خان نے ٹیسٹ کرکٹ میں 54.07 کی اوسط سے8814 رنز جوڑے ہیں۔


جاوید میاندادکے بعد سابق ٹیسٹ کپتان انضمام الحق 8829 رنز بناکر دوسرے نمبر پر ہیں، یونس خان کو پہلی پوزیشن حاصل کرنے سے قبل انضمام الحق کا ریکارڈ برابر کرنے کے یے 15 رنز کی ضرورت ہے، متعدد ریکارڈز کے حامل یونس خان نے قبل ازیں جاوید میانداد کی جانب سے پاکستان کی طرف سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ 150 رنز کی اننگزکا ریکارڈ بھی توڑا تھا۔

یونس خان ڈان بریڈمین کا 30سنچریوں کا سنگ میل عبور کرنے والے پہلے پاکستانی بیٹسمین ہونے کا اعزاز بھی اپنے نام کرچکے ہیں، 29 نومبر1977 کو خیبرپختونخوا کے ضلع مردان میں پیدا ہونے والے رائٹ ہینڈر بیٹسمین 101 ٹیسٹ میچز کی 180 اننگز میں17 مرتبہ ناٹ آؤٹ رہے، ان کا بہترین اسکور 313 رنز رہا،وہ ٹیسٹ کرکٹ میں 29 ففٹیز جوڑ چکے ہیں۔
Load Next Story