فٹبال اور ورلڈ کپ کوالیفائنگ چلی نے برازیل کے ہوش اڑا دیے ارجنٹائن بھی ناکام

ایکواڈورکا شاندارکھیل،یوروگوئے نے بولیویاکیخلاف پہلی اوے فتح حاصل کرلی، پیراگوئے نے وینزویلا کو مات دے دی

ایکواڈورکا شاندارکھیل،یوروگوئے نے بولیویاکیخلاف پہلی اوے فتح حاصل کرلی، پیراگوئے نے وینزویلا کو مات دے دی فوٹو: فائل

KARACHI:
ورلڈ کپ2018 کوالیفائنگ کی شروعات پر برازیل اور ارجنٹائن کو اپ سیٹ شکست ہوگئی، چلی نے15 برس بعد پانچ مرتبہ کی ورلڈ کپ فاتح برازیلین ٹیم کے ہوش اڑادیے، بیونس آئرس میں ایکواڈور نے میزبان ارجنٹائنی سائیڈکی خوش فہمی بھی دور کردی، یوروگوئے نے بولیویا کیخلاف پہلی اوے فتح حاصل کرلی۔

پیراگوئے نے وینزویلا کو مات دے دی، کولمبیا نے پیرو پر2-0 سے غلبہ پالیا۔تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ 2018 کی کوالیفائنگ مہم کی شروعات پر جنوبی امریکا کے 2 بڑے ممالک برازیل اور ارجنٹائن کو حیران کن شکستوں کا سامنا کرنا پڑا، سانتیاگو میں چلی نے برازیل کو2-0 سے ہرا دیا، ٹیم نے 2000 کے بعد حریف کیخلاف پہلی فتح پائی، برازیلین سائیڈ کپتان نیمار کی عدم موجودگی میں جادو جگانے میں ناکام رہی، وہ معطلی کے سبب ابتدائی مرحلے کے دونوں کوالیفائنگ میچز میں حصہ نہیں لے پائیں گے۔

ہوم گراؤنڈ سانتیاگو پر برازیل نے چلی سے 71منٹ تک ڈٹ کر مقابلہ کیا،اس وقت تک کوئی بھی ٹیم گول نہیں بناسکی تھی،72ویں منٹ میں چلی کے اسٹار پلیئر ایڈورڈو ویرگاس حریف گول کیپر کو چکمہ دینے میں کامیاب رہے، میچ کے اختتامی لمحات میں الیکس سانچز نے بھی گول بناکر چلی کی فتح یقینی کردی، ویرگاس نے کوپا امریکا میں بھی ٹاپ اسکورر کا اعزاز پایا تھا، منیجر جورج سیمپاؤلی نے اپنی ٹیم کی فتح پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے برازیل کو پہلی مرتبہ شکست دی،ایک ایسی ٹیم جو ماضی میں ہمارے لیے خاصے مسائل کا سبب بنتی رہی اسے ہرانا خوش آئند ہے، البتہ برازیل اچھی سائیڈ اور اس کے پاس یقینی طور پر ایسے پلیئرز موجود ہیں جو اسے اگلے ورلڈ کپ میں پہنچا سکتے ہیں۔


ارجنٹائن نے ایکواڈورکو2-0 سے قابوکرلیا، اسٹار پلیئرز سے عاری ٹیم انجرڈ کپتان لیونل میسی کی کمی پرجدوجہد کرتی دکھائی دی، میزبان ٹیم کو میچ کے ابتدا ہی میں اس وقت دھچکا پہنچا جب سرجیو اگیورو ہیمسٹرنگ انجری سے دوچار ہونے پر میدان بدر ہوگئے، مقابلہ اختتامی10 منٹ میں مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا،اس کے بعد ایکواڈورنے 2 منٹ میں2 گول داغ کر پانسہ پلٹ دیا، فریکسن ایرازو نے ہیڈر سے گیند کو جال کی راہ دکھاکر ٹیم کو برتری دلائی، اس کے بعد انتونیو ویلنسیا نے دائیں جانب سے گیند کو ساتھی پلیئر فلپ کیاسیڈو تک پہنچائی، جنھوں نے ایکواڈور کیلیے دوسرا گول بنایا، ناکامی نے ارجنٹائنی کوچ گیرارڈو مارٹینو پر دباؤ بڑھا دیا، رواں برس کوپا امریکا میں شکست کے بعد ان کی پوزیشن پر پہلے ہی سوال اٹھ رہے تھے لیکن اس اب عہدے پر برقرار رہنا اور بھی مشکل ہوگیا ہے۔

لا پاز میں میزبان بولیویا کیخلاف یوروگوئے نے 2-0 سے کامیابی حاصل کرلی، فاتح ٹیم کو اپنے اسٹار پلیئرز لوئس سواریز اور ایڈینسن کیوانی کی خدمات میسر نہیں تھیں، یہ بولیویا کیخلاف اوے میچ میں یوروگوئے کی پہلی فتح رہی،2012 میں بولیوین دارالحکومت میں منعقدہ باہمی مقابلے میں یوروگوئے کو1-4 سے شکست کا سامنا رہا تھا، سطح سمندر سے خاصی بلندی پر واقع شہر میں نئے مقابلے میں یوروگوئے کیلیے کھیل کے دونوں ہاف میں ایک ایک گول بنایا گیا، مارٹن سیسارز نے10ویں جبکہ ڈیگو گوڈن نے69 ویں منٹ میں گول بنائے۔

یوروگوئے کی ٹیم اس سے قبل پانچ مرتبہ لاپاز کے دورے میں کبھی فتحیاب نہیں ہوئی تھی،کولمبیا نے پیرو کیخلاف2-0 سے کھاتہ کھول لیا، ٹیوفیلو گوئٹرریز اور ایڈون کارڈونا نے گیند کوجال کے سپرد کیا، پیراگوئے نے وینزویلا کیخلاف1-0 سے فتح پائی، فیصلہ کن گول فائنل وسل سے5 منٹ قبل ڈیرلس گونزالز نے بنایا۔
Load Next Story