ڈیوس کپچین مشکل حریف ثابت ہوگا عقیل خان

پلیئرزکو انٹرنیشنل تجربہ حاصل ہے، فتح کیلیے صلاحیتوں سے بڑھ کرکچھ کرنا ہوگا

پلیئرزکو انٹرنیشنل تجربہ حاصل ہے، فتح کیلیے صلاحیتوں سے بڑھ کرکچھ کرنا ہوگا فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
قومی نمبر ون ٹینس اسٹار عقیل خان کا کہنا ہے کہ ڈیوس کپ گروپ ون ٹائی میں چین ٹف حریف ثابت ہوگا، حریف ٹیم انتہائی تجربہ کار کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، تمام پلیئرز انٹرنیشنل سرکٹ میں تواتر کے ساتھ پرفارم کررہے ہیں، پاکستانی کھلاڑیوں کو فتح کے لیے صلاحیتوں سے بڑھ کچھ کر دکھانا ہوگا۔

''ایکسپریس ٹریبیون'' سے گفتگو کرتے ہوئے عقیل خان نے کہا کہ چین کے پلیئرز کو ایشین گیمز میں کھیلتا دیکھا ہے، وہ قدرتی صلاحیتوں سے مالا مال ہیں، انھیں ہرانا مشکل ہے لیکن بہترین ٹریننگ اور فیورٹ گراس کورٹ میسر آگیا تو پھر فتح کے امکانات ففٹی، ففٹی ہوجائیں گے۔


یاد رہے کہ پاکستان نے گذشتہ ماہ ایشیا اوشیانا زون گروپ ٹو فائنل میں چائنیز تائپے کو شکست دے کر9 برس بعد گروپ ون میں رسائی حاصل کی تھی، ترکی میں منعقدہ ٹائی میں عقیل خان نے سنگلز اور پھر ڈبلز میں اعصام الحق کے ساتھ مل کر ٹیم کو فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیا تھا، گروپ ون میں پاکستان کو چین، جنوبی کوریا، نیوزی لینڈ،ازبکستان اور بھارت جیسے سخت حریفوں کا سامنا کرنا ہے، وہ ابتدائی راؤنڈ میں چین سے مقابلہ کرے گی جبکہ نیوزی لینڈ اور جنوبی کوریا کا سامنا ہوگا، بھارت اور ازبکستان ٹاپ رینکنگ کی بدولت براہ راست سیمی فائنل کھیلیں گے۔

دوسری طرف پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ حمید الحق کا کہنا ہے کہ چین کو شکست دینے کے لیے ہمیں گراس کورٹ کی ضرورت ہوگی، انھوں نے کہا کہ پڑوسی ملک کے کھلاڑی ورلڈ نمبر ون نووک جوکووک اور رافیل نڈال جیسے کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلتے ہیں، اس لیے ان سے جیتنا آسان نہیں لیکن گراس کورٹ میسر آنے سے کامیابی کی امیدیں لگائی جاسکتی ہیں۔انھوں نے کہا کہ ہم گروپ ون مقابلوں کی میزبانی حاصل کرنا چاہتے ہیں لیکن ورلڈ فیڈریشن شاید ایسا نہ ہونے دے، ہماری کوشش ہوگی کہ پڑوسی ملک سے دوستانہ سیاسی تعلقات کا استعمال کرتے ہوئے چین کے پلیئرز کو یہاں لانے میں کامیاب ہوجائیں۔ انھوں نے بتایا کہ پاکستان نے اگر چین کو ہرا دیا تو اگلے راؤنڈ میں بھارت سے مقابلہ متوقع ہے۔
Load Next Story