شکارپور 2 برادریوں میں تصادم6 ہلاک 20گھرجلا دیے

3 خواتین سمیت9زخمی، تنیواور سندرانی برادری میں سیاہ کاری کے تنازع پر دشمنی ہے.

3 خواتین سمیت9زخمی، تنیواور سندرانی برادری میں سیاہ کاری کے تنازع پر دشمنی ہے. فوٹو: فائل

شکارپور کے قریب تنیو اور سندرانی برادری میں تصادم کے دوران باپ بیٹے سمیت 6افراد ہلاک اور9زخمی ہوگئے جبکہ20گھر نذر آتش کر دیے گئے۔


تحصیل گڑھی یاسین کے گوٹھ قائم خان تنیو میں تنیو برادری کا ایک شخص رحمت اللہ کھیتوں میں کام کررہا تھا کہ سندرانی برادری کے مسلح افرادنے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ اطلاع ملنے پر تنیو برادری کے مسلح افراد نے گوٹھ محمد اسماعیل سندرانی پر حملہ کر دیا، اس دوران راکٹ بھی فائر کیے گئے، جوابی فائرنگ کے نتیجے میں 17سالہ ضمیر، 22سالہ یاسین، 30سالہ میر ہزار، 40سال میہر علی اور 55سالہ چنیسر ہلاک ہوگئے، زخمیوں میںسندرانی قبیلہ کی 3 خواتین بھی شامل ہیں، حملہ آور سیکڑوں مویشی، موٹر سائیکلیں لے کر فرار ہوگئے۔

علاقے میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے اور دونوں برادریوں کے مسلح افراد مورچہ بند ہیں۔ دونوں برادریوں میں جاری خونی تنازع میں اب تک 8افراد ہلاک ہوچکے ہیں، بتایا جاتا ہے کہ دونوں برادریوں کے درمیان ایک سال قبل سیاہ کاری کے معاملے پر تنازع ہوا تھا جس پر مسلح افراد نے تنیو برادری کے بہرام تنیو کو قتل کیا تھا، جب سے کشیدگی چلی آرہی ہے۔ پولیس نے خونریزی روکنے کیلئے چوکیاں قائم کرلی ہیں۔
Load Next Story