بالی ووڈ سپر اسٹار امیتابھ بچن 73 برس کے ہوگئے

مداحوں نے سوشل میڈیا پردل کھول کر مبارکباد دی، بگ بی نے بھی ٹوئیٹر پر شکریہ ادا کیا

بھارتی فلم انڈسٹری میں اب تک تک بہترین اداکار کے طور پر سب سے زیادہ ایوارڈز حاصل کرنے کا اعزاز اس سپر اسٹار کو ہی حاصل ہے۔ فوٹو: فائل

بالی ووڈ سپراسٹار امیتابھ بچن گزشتہ روز 73 برس کے ہوگئے۔ انھوں نے اپنی سالگرہ اپنے گھروالوں کے ساتھ منائی۔ ان کی سالگرہ کے موقع پر ان کے مداحوں نے سوشل میڈیا پر دل کھول کر مبارکباد کے پیغامات دیے اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا جس کا بگ بی نے بھی ٹوئیٹر پر شکریہ ادا کیا۔


جب کہ ریت سے مجسمے بنانے والے مشہور آرٹسٹ صدارسان پاتنک نے پوری بیچ پر ریت سے ان کی تصویر بنا کر مبارکباد پیش کی ہے۔ واضح رہے کہ امیتابھ بچن11 اکتوبر1942 کو بھارتی ریاست اترپردیش میں پیدا ہوئے، انھوں نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز 1969ء میں فلم ''سات ہندوستانی'' سے کیا، جس میں انھیں پہلے نیشنل ایوارڈ سے نوازا گیا۔اس کے بعد انھوں نے کئی کامیاب فلموں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا کر مداحوں کے دل جیت لیے۔اداکار امیتابھ بچن نے اپنے 40 سالہ فلمی کیریئر کے دوران 12 فلم فیئر ایوارڈز حاصل کیے۔ بھارتی فلم انڈسٹری میں اب تک بہترین اداکار کے طور پر سب سے زیادہ ایوارڈز حاصل کرنے کا اعزاز اس سپر اسٹار کو ہی حاصل ہے۔
Load Next Story