بورڈ نے ریکارڈ ساز یونس خان کو خالی مبارکباد پر ٹرخا دیا

سینئر بیٹسمین پاکستان کرکٹ کے شاندار سفیر ہیں، قوم کوکارناموں پر فخر ہے، چیئرمین پی سی بی

سینئر بیٹسمین پاکستان کرکٹ کے شاندار سفیر ہیں، قوم کوکارناموں پر فخر ہے،چیئرمین فوٹو : اے ایف پی

پی سی بی نے ریکارڈ ساز یونس خان کو خالی مبارکباد پر ٹرخا دیا، انعام سے نوازنے کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق یونس خان نے آف سپنر معین علی کو چھکا جڑ کر جاوید میانداد کا پاکستان کیلیے سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز کا ریکارڈ توڑ دیا لیکن اس سنگ میل کو عبور کرنے پر پی سی بی کی جانب سے کسی انعام کا اعلان کرنے کے بجائے صرف مبارکباد اور چند تعریفی جملوں کو کافی خیال کیا گیا ہے۔


دورۂ سری لنکا مکمل ہونے کے بعد ہی اس بات کا قوی امکان تھا کہ یونس خان انگلینڈ کیخلاف ابوظبی ٹیسٹ میں یہ کارنامہ سرانجام دے دینگے تاہم بورڈ کی طرف سے پذیرائی کیلیے کوئی خصوصی پروگرام تشکیل دینے یا اپنے طور پر انعامی رقم طے کرنے کی ضرورت محسوس نہیں کی گئی۔

نمائندہ ''ایکسپریس'' کے استفسار پر حکام کا کہنا تھا کہ سینئر بیٹسمین کیلیے انعام کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا، پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں چیئرمین پی سی بی شہریار خان کا جو پیغام جاری کیا گیا اس میں کہا گیاکہ یونس خان پاکستان کرکٹ کے شاندار سفیر ہیں۔ انھوں نے ریکارڈزکے ڈھیر لگادیے جو پوری قوم کیلیے بڑے فخر کی بات ہے، انھیں 22سال کے طویل عرصے بعد جاوید میانداد کا سب سے زیادہ رنز کا سنگ میل عبور کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں، امید ہے کہ اسی انداز میں ملک کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ پی سی بی کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی اور چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمدنے بھی سینئر بیٹسمین کو سراہا۔
Load Next Story