شاباش یونس پلیئرزکا ڈریسنگ روم میں کیک کاٹ کر خراج تحسین

ہوٹل واپسی کے بعد دوستوں و دیگر شخصیات سے مبارکبادکے پیغام وصول کرتے رہے

پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ 8852ٹیسٹ رنز بنانے والے یونس خان ڈریسنگ روم میں کیک کاٹ رہے ہیں، ساتھی پلیئرز اورٹیم منیجر انتخاب عالم بھی ان کی خوشیوں میں شریک ۔ فوٹو : اے ایف پی

KARACHI:
بورڈ نے یونس خان کو لفٹ نہ کرائی مگر ساتھی کھلاڑی ان کے ریکارڈ کا جشن منانا نہ بھولے، ابوظبی ٹیسٹ کے دوران ڈریسنگ روم میں کیک کاٹ کر ماسٹر بیٹسمین کو خراج تحسین ادا کیا گیا، انھوں نے اس پر ساتھیوں کا شکریہ ادا کیا۔

تفصیلات کے مطابق یونس خان نے منگل کوانگلینڈ کیخلاف 38 رنز کی اننگز کے دوران بڑا اعزاز حاصل کیا، وہ پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ 8832 رنز بنانے کے ریکارڈ میں سابق کپتان جاوید میانداد سے آگے نکل گئے، اس موقع پر پی سی بی نے ایک رسمی سی پریس ریلیز جاری کرنے پر اکتفا کیا مگر کھلاڑی اپنے ''یونس بھائی'' کو نہ بھولے، کھیل ختم ہونے کے بعد ان کی ریکارڈ کی مناسبت سے ڈریسنگ روم میں خصوصی کیک کاٹا ، اس موقع پر یونس نے خود سب کو کیک کھلایا اور شکریہ ادا کیا۔


کپتان مصباح الحق نے انھیں اپنے اور دیگر کھلاڑیوں کیلیے باعث تحریک قرار دیتے ہوئے کہا کہ پورے کیریئر میں انھوں نے مجھے ہمیشہ سپورٹ کیا، جونیئر کھلاڑیوں نے بھی کہا کہ جب ہمیں مشکل پیش آئے رہنمائی کیلیے یونس خان ہمیشہ موجود ہوتے ہیں۔ ہوٹل واپسی کے بعد بھی یونس خان ملک بھر سے دوستوں و دیگر قریبی شخصیات کے مبارکباد پر مشتمل پیغامات وصول کرتے رہے، البتہ وہ 38 رنز پر وکٹ گنوانے پر کچھ مایوس بھی تھے۔

ان کے مطابق ریکارڈ کی وجہ سے تھوڑا انہماک متاثر ہوا تھا مگر اب ایسی کوئی بات نہیں لہذا وہ دیگر اننگز میں مکمل یکسوئی سے کھیل سکیں گے، گوکہ یونس نے برملا اظہار تو نہیں کیا البتہ ان کے دل میں اب پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ میں 10 ہزار رنز اسکور کرنے والا پہلا بیٹسمین بننے کی خواہش موجود ہے، وہ مسائل سے دور رہ کر اس مقصد کو حاصل کرنا چاہتے ہیں۔
Load Next Story