رنز کے دریا میں انگلینڈ کی بھی دل کھول کر ڈبکیاں الیسٹر کک نے ڈبل سنچری داغ دی

ابوظبی ٹیسٹ کے چار دن میں بھی 2 اننگز مکمل نہ ہو سکیں، انگلینڈ نے 8 وکٹ پر 569 رنز جوڑکر 46 کی سبقت حاصل کرلی

پاکستان کیخلاف جاری ابوظبی ٹیسٹ میں چوتھے دن انگلش کپتان الیسٹرکک اسٹروک کھیلنے کے بعد گیند کی جانب دیکھ رہے ہیں، انھوں نے 263 کی اننگز کھیل کر پویلین واپسی اختیار کی ۔ فوٹو : اے ایف پی

ابوظبی ٹیسٹ کے چار دن میں بھی 2 اننگز مکمل نہ ہو سکیں، بے جان وکٹ پر بولرز دن بھر پسینہ بہاتے رہے،انگلینڈ نے 8 وکٹ پر 569 رنز بنا لیے، یوں اسے 46 رنز کی سبقت حاصل ہو گئی، کپتان الیسٹر کک نے سرفراز احمد کے ہاتھوں ڈراپ کیچ سے فائدہ اٹھاتے ہوئے کیریئر کی تیسری ڈبل سنچری بنائی، 263رنز بناکر میدان بدر ہوئے.

تفصیلات کے مطابق چوتھے دن کا پہلا اوور ذوالفقار بابر نے کیا،168 پر ناٹ آؤٹ الیسٹر کک نے سنگل سے ٹیم کا اسکور 291 تک پہنچایا،دوسرے اینڈ پر موجود جوئے روٹ نے اس وقت 3 رنز بنائے تھے، وہاب ریاض نے اپنے دوسرے اوور میں کک کو پویلین بھیجنے کا اہتمام کر لیا تھا مگر ان سائیڈ ایج پر دائیں جانب ڈائیو لگانے کے باوجود وکٹ کیپر سرفرازاحمد کیچ نہ تھام سکے، دوسرا چانس پانے کے وقت اوپنر کا اسکور 173 تھا،اسی کے ساتھ انگلینڈ کے 300 رنز بھی مکمل ہو گئے۔

روٹ نے عمران خان کو 2 چوکے رسید کر کے ہاتھ کھولے، اسی اوور میں ان کیخلاف ایل بی ڈبلیو کی اپیل مسترد ہونے کے بعد پاکستان نے ریویو بھی گنوا دیا،130 ویں اوور میں روٹ نے شعیب ملک کو ریورس سویپ پر چوکے سے نصف سنچری مکمل کر لی، کک بدستور بولرز کیلیے درد سر بنے رہے، اننگز کے 140 ویں اوور میں وہاب کی پہلی گیند پر 2 رنز بٹور کر انھوں نے شائقین کو نسشتوں سے اٹھ کر تالیاں بجانے پر مجبور کر دیا، وجہ کیریئر کی تیسری ڈبل سنچری بنی، انھوں نے ہیلمٹ اتار کر دونوں ہاتھ بلند کر کے خوشی کا اظہار کیا۔


کک نے یہ سنگ میل 395 گیندوں پر 16 چوکوں کی مدد سے مکمل کیا،143 اوورز میں انگلینڈ کے 400 رنز بننے کے بعد لنچ کا وقفہ ہوا، کک 204 اور روٹ 76پر ناقابل شکست واپس گئے، صبر آزما انتظار کے بعد153 ویں اوور میں راحت علی نے پاکستان کو دن کی پہلی اور مجموعی طور پر چوتھی کامیابی دلائی جب روٹ 85رنز پر کیچ ہو گئے، سرفراز نے دائیں جانب ڈائیو لگا کر عمدگی سے گیند کو قابو کیا، سنچری سے 15رنز قبل وکٹ گنوانے پر بیٹسمین خاصے مایوس دکھائی دیے، انھوں نے143میں سے7 گیندوں کو باؤنڈری کی سیر کرائی،اسی کے ساتھ 141 رنز کی شراکت بھی ختم ہو گئی۔

کک نے ساتھی کی جدائی کا اثر نہ لیا اور مکمل انہماک سے بیٹنگ کرتے رہے، مگر نئے بیٹسمین جونی بیئر اسٹو کو صرف 8 رنز پر وہاب نے ایل بی ڈبلیو کر دیا،ریویو بھی ان کی کوئی مدد نہ کر سکا،پانچویں وکٹ 443 رنز پر گری، چائے کے وقفے تک انگلینڈ نے 169 اوورز میں468رنز بنائے تھے، یوں دوسرے سیشن میں محض 68 رنز ہی اسکور ہوئے، کک 237 اور بین اسٹوکس 16رنز پر ناٹ آؤٹ ڈریسنگ روم گئے، اگلے سیشن میں جب شعیب کی گیند کو کک نے سنگل کیلیے پش کیا تو ٹیم کے 500رنز مکمل ہو چکے تھے، اسٹوکس نے بھی عمدہ بیٹنگ کی، انھوں نے نصف سنچری 77 ویں بال پر شعیب ملک کو سنگل سے مکمل کی،اس سے قبل کک 250رنز کی تکمیل کر چکے تھے۔

اسٹوکس57رنز بنانے کے بعد شعیب ملک کی گیند پر سویپ شاٹ کھیلتے ہوئے کریز سے خاصے آگے نکل آئے اوربولڈ ہو گئے، نئے بیٹسمین جوز بٹلر کیخلاف شعیب کی گیند پر کاٹ بی ہائنڈ کی زوردار اپیل ہوئی جسے امپائر نے مسترد کر دیا، ریویو نہ ہونے کے سبب پاکستان فیصلے کو چیلنج بھی نہ کر پایا، آخر کار شعیب ملک، کک کی میراتھن اننگز کا اختتام کرنے میں کامیاب رہے،سویپ کرتے ہوئے انھوں نے بیک ورڈ اسکوائر لیگ پر موجود شان مسعود کو کیچ تھمایا، انگلش کپتان نے 528 گیندوں پر 263 رنز بنائے، اس میں 18چوکے شامل تھے۔

شائقین نے عمدہ کھیل پر دل کھول کر انھیں خوب داد دی، بٹلر نے ذوالفقار بابر کو چھکے کے بعد چوکا بھی رسید کیا مگر پھر اسی اوور میں اسد شفیق کو کیچ دے بیٹھے،197 ویں اوور کی ابھی 3 گیندیں ہوئی تھیں کہ امپائرز نے روشنی کو ناموزوں قرار دیتے ہوئے کھیل کا اختتام کر دیا، اس وقت تک انگلینڈ نے 8 وکٹ پر 569 رنز بنا لیے تھے، عادل رشید 6 اوراسٹورٹ براڈ صفر پر ناٹ آؤٹ رہے، مہمان ٹیم کو 46رنز کی سبقت حاصل ہو چکی ہے، وہاب ریاض نے 3 وکٹوں کیلیے 116 رنز دیے، شعیب ملک نے 97 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں۔
Load Next Story