انفیکشن کیسے ہوا اظہرعلی وجوہات سے تاحال لاعلم

دن میں مکمل ٹریننگ کی فٹبال بھی کھیلی،صبح سوکر اٹھا تو انجرڈ تھا، بیٹسمین

رننگ اور پریکٹس شروع، 1،2روز میں مکمل فٹ ہوکردوسرے میچ میں حصہ لوں گا فوٹو: آن لائن

اظہر علی اپنی انجری کی وجوہات سے تاحال لاعلم ہیں، انھیں اس بات پر شدید حیرت ہے کہ دن میں ٹریننگ اور نیٹ پریکٹس کی، فٹبال بھی کھیلی، رات کو آرام سے سوئے، صبح اٹھے تو پاؤں میں پس پڑچکا تھا جس کی وجہ سے زمبابوے سے تیسرا ون ڈے اور اب ابوظبی ٹیسٹ بھی نہیں کھیل سکے، نائب کپتان کے مطابق انھوں نے رننگ اور بیٹنگ پریکٹس شروع کر دی ہے، 1،2روز میں مکمل فٹ ہوکردوسرے میچ کیلیے فٹ ہو جائیں گے۔


تفصیلات کے مطابق اظہر علی دورئہ زمبابوے کے دوران انجری کا شکار ہوئے تھے، گذشتہ روز شیخ زید کرکٹ اسٹیڈیم میں نمائندہ ''ایکسپریس'' سے خصوصی گفتگو میں ون ڈے اسکواڈ کے کپتان نے کہا کہ میں خود تاحال لاعلم ہوں کہ کیسے انفیکشن ہو گیا، ادائیگی حج کے دوران خاصا چلنا پڑتا ہے مگر وہاں سے واپس آ کر میں نے زمبابوین ٹیم کیخلاف2 ون ڈے میچز میں حصہ لیا، تیسرے میچ سے ایک دن پہلے ٹیم کے ساتھ مکمل ٹریننگ سیشن میں شریک ہوا، بیٹنگ کی اور فٹبال کھیلی، رات کو سونے لیٹا تو کسی قسم کی تکلیف کا نام ونشان نہ تھا، مگر جب صبح اٹھا تو پاؤں میں پس پڑ چکا تھا۔

اس انفیکشن کی وجہ سے وہ میچ اور اب انگلینڈ سے پہلے ٹیسٹ میں حصہ نہیں لے سکا، ایک سوال پر اظہر نے کہا کہ یہ پتا نہیں چل سکا کہ کسی چھالے میں انفیکشن ہوا یا کچھ اور مسئلہ تھا، اگر کیڑے نے کاٹا ہوتا تو ضرور اسی وقت تکلیف کا احساس ہو جاتا، اظہر علی نے مزید کہا کہ دوائیوں سے افاقہ ہوا، اب جوتے پہن کر رننگ کی، بیٹنگ پریکٹس بھی کر رہا ہوں، امید ہے کہ 1،2روز میں مکمل فٹ ہو جاؤں گا، دوسرے ٹیسٹ میں شرکت کرنے کی پوری امید ہے۔
Load Next Story