سانحہ کارساز کے شہدا کی آٹھویں برسی آج منائی جارہی ہے

دہشت گردملک کو پتھر کے دور میں دھکیلنا چاہتے تھے، جیالوں نے سازش ناکام بنادی، بلاول بھٹو

دہشت گردملک کو پتھر کے دور میں دھکیلنا چاہتے تھے ،جیالوں نے سازش ناکام بنادی، بلاول،پیغام فوٹو؛ فائل

ISLAMABAD:
شہدائے سانحہ کارساز کی آٹھویں برسی آج منائی جا رہی ہے، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے 18 اکتوبر 2007 کو سانحہ کارساز کے شہیدوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

بلاول نے کہا کہ ہم آگاہ تھے کہ بے نظیر بھٹو کی وطن واپسی سے ملک میں جاری دہشت گردی کے خلاف جنگ مزید مضبوط اور منظم ہوگی، 18 آکتوبرکو بے نظیر بھٹو کے استقبالیہ جلوس کے ٹرک کے قریب 2 زوردار بم دھماکوں کے نتیجے میں تقریباً 200 جیالوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کے دن پاکستان کے عوام اور جیالوں نے اپنے خون سے ایک تاریخ رقم کی، ملک کے چاروں صوبوں، آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور فاٹا سے لاکھوں عوام نے ملک کے تجارتی مرکز پہنچ کر دہشت گرد اور ان کے اسپانسرز کو یہ واضح پیغام دے دیا تھا کہ عوام ملک میں دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خلاف متحدہ ہیں۔ دہشتگرد عناصر میری والدہ اور پارٹی قیادت کو قتل کرکے ملک کو پتھر کے دور میں دھکیلنا چاہتے تھے لیکن کارساز میں جیالوں نے اپنی جانیں قربان کر کے اس سازش کو ناکام بنادیا۔


پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ملک کے تمام لوگوں کے حقوق کے لیے جنگ لڑی ہے اور ڈکٹیٹر شپ اور ان کے حواریوں کے خلاف جاری اس طویل جدوجہد میں سیکڑوں جانیں قربان کی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام پی پی قیادت اور ان کارکنان 18 آکتوبر 2007 کے شہیدوں سمیت تمام قومی شہیدوں کے وارث ہیں اور شہیدوں کے ورثاکی دیکھ بحال کے لیے ان کی قربانیوں کو ایک لمحہ بھی فراموش نہیں کر سکیں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے اس بات کا عزم کیا کہ ڈکٹیٹر شپ اور ان کے حواریوں کے اوچھے ہتھکنڈوں اور پارٹی قیادت کے خلاف سازشوں کے باوجود ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کے ویژن اور مشن کی جدوجہد جاری رہے گی۔

دریں اثناپیپلزپارٹی کی جانب سے شہدائے سانحہ کارساز کی آٹھویں برسی آج (اتوار کو) منائی جائے گی، پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے تحت شہدا کے ایصال ثواب کے لیے شہدا کی یادگار کارساز پر عصر اور مغرب کے درمیان قرآن خوانی و فاتحہ خوانی ہوگی۔ اس سے قبل پارٹی کے رہنما صبح 11 بجے اعظم بستی قبرستان میں شہدا کے مزارات پر حاضری دیں گے اور پھولوں کی چادر چڑھائیں گے۔
Load Next Story