سانحہ کارساز کی ایف آئی آر میں پرویز مشرف کو نامزد کیا جائے آغا سراج درانی

بے نظیر بھٹو کو وطن واپس پر سیکیورٹی نہیں دی گئی تھی، اسپیکر سندھ اسمبلی

ایم کیو ایم کے استعفے منظور یا مسترد ہوں گے ابھی کچھ نہیں کہہ سکتا، اسپیکر سندھ اسمبلی فوٹو: فائل

اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کہتے ہیں کہ بے نظیر بھٹو کی وطن واپسی کے موقع پر انہیں سیکیورٹی نہیں دی گئی تھی اس لئے سانحہ کارساز کی ایف آئی آر میں پرویز مشرف اور اس وقت کے وزیر اعلیٰ ارباب غلام رحیم کو نامزد کیا جائے۔


کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے اسپیکر سندھ اسمبلی نے کہا کہ پیپلز پارٹی بے نظیر بھٹو کی جماعت ہے، ہمارے لیڈروں نے ملک بچانے کے لئے اپناخون دیا ہے، نبیل گبول کبھی بھی جانثار نہیں تھے، جو اپنے مفاد کی خاطر پارٹی میں آئے تھے آج ان کا حشردیکھیں،ایسے ہی عناصر پارٹی کے خلاف بول رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو کی وطن واپسی کے موقع پر انہیں سیکیورٹی نہیں دی گئی تھی اس لئے سانحہ کارساز کی ایف آئی آر میں پرویز مشرف اور اس وقت کے وزیر اعلیٰ ارباب غلام رحیم کو نامزد کیا جائے۔ سانحہ کارساز کیس میں وہ خود کو گواہی کے لئے پیش کرتے ہیں۔

متحدہ قومی موومنٹ کے استعفوں سے متعلق اسپیکر نے کہا کہ ایم کیوایم کے اراکین کے استعفوں کی جانچ پڑتال جاری ہے، ایم کیوایم کے 11 اراکین نے فیکس پر استعفے بھیجے تھے،فیکس پر بھیجے گئے استعفوں کی تصدیق جاری ہے، ایم کیو ایم کے استعفوں کی منظوری یا مسترد کئے جانے سے متعلق ابھی وہ کچھ نہیں کہہ سکتے۔
Load Next Story