رنگوں میں چھپے ہیں راز

ہر رنگ خواتین کی زندگی پر اثر انداز ہوتا ہے

ہر رنگ خواتین کی زندگی پر اثر انداز ہوتا ہے۔ فوٹو: فائل

JACOBABAD:
زندگی میں سے اگر رنگ اور خوش بو کو نکال دیا جائے، تو یہ بالکل ماند سی پڑ جاتی ہے، خاص طور پر خواتین، جنہیں رنگوں سے بے حد لگاؤ ہوتا ہے، وہ مختلف رنگوں کے پیراہن زیب تن کر کے خوشی محسوس کرتی ہیں۔

دنیا کی ہرعورت اپنے بناؤ سنگھار کا خاص خیال رکھتی ہے۔ لباس سے لے کر جیولری تک اور اور جوتوں سے میک اپ تک وہ اپنے لیے ہر چیز کے انتخاب میں بہت حساس ہوتی ہیں، لیکن اس بات سے قطع نظر اکثر خواتین اس بات سے اَن جان نظر آتی ہیں کہ جن اشیا کو وہ استعمال کر رہی ہیں۔ اُس کا، اُن کی شخصیت پر مجموعی طور پر کیا اثر قائم ہوتا ہے۔ لباس کے لیے رنگوں کے انتخاب میں جلدی رنگت کو اہمیت دیتی ہیں۔ گہری رنگت والی خواتین عام طور پر ہلکے، جب کہ گوری رنگت والی خواتین گہرے رنگ استعمال کرتی ہیں۔ ایک سمجھ دار خاتون وہ ہوتی ہے، جو رنگوں کو منتخب کرتے وقت موسم کو بھی مد نظر رکھتی ہے، لیکن ان تمام باتوں سے قطع نظر کیا یہ بات قابل غور نہیں کہ جو رنگ بھی آپ استعمال کریں، اس کا اثر شخصیت پر ضرور پڑتا ہے۔ رنگوں کے ذریعے ہی اس بات کا معلوم چلتا ہے کہ کوئی بھی رنگ استعمال کرنے والی خاتون کس مزاج اور رویہ کی حامل ہے۔ آئیے دیکھتے ہیں:

٭سرخ

یہ رنگ ہمیشہ سے شوخی اور خوشی کا رنگ تصور کیا جاتا رہا ہے، تمام رنگوں میں یہ واحد رنگ ہے، جو سب نمایاں اور ابھرتا ہوا نظر آتا ہے ، اس کے علاوہ لال رنگ کا مطلب خوشی سے بھی لیا جاتا ہے۔ اس لیے مشرق میں دلہن کے عروسی لباس کا روایتی رنگ سرخ ہے۔ البتہ اب کہیں کہیں اس رحجان میں کچھ تبدیلی بھی آرہی ہے اور دیگر رنگوں کے بھی عروسی ملبوسات پہنے جا رہے ہیں۔ یہ اس کے علاوہ بھی پہنا جاتا ہے اور اسے وہی خواتین پہننا پسند کرتی ہیں، جو بہت زیادہ گوری رنگت کی حامل ہوں، کیوں کہ یہ رنگ ان پر بہت جچتا ہے، جن خواتین کو لال رنگ پسند ہوتا ہے، ان کی شخصیت شوخی اور زندہ دلی سے بھر پور ہوتی ہے۔ ایسی خواتین اپنے جذبات اور احساسات کا فوری طور پر اظہار کرتی ہیں اور اگلے کا ردعمل جاننے کے لیے بھی بے چین رہتی ہیں۔ کسی بھی معاملے میں اپنی رائے پیش کرنے میں دیر نہیں کرتیں اور مکمل خود اعتمادی سے اپنے تاثرات بھی بیان کردیتی ہیں۔

٭اورنج

جن خواتین کا پسندیدہ رنگ اورنج ہوتا ہے، وہ عام طور پر بڑی اچھی طبیعت کی مالک ہونے کے ساتھ ساتھ ملن سار بھی ہوتی ہیں۔ یہ بہ آسانی دوست بنا لیتی ہیں اور اس کے لیے انہیں زیادہ تردد بھی نہیں کرنا پڑتا، بس سرسری سے تعارف اور ذہانت سے وہ یہ کام بخوبی کر لیتی ہیں۔ اورنج رنگ پہننے اور پسند کرنے والی اپنے شریک حیات کے ساتھ بہت پر خلوص ہوتی ہیں اور ان کے ساتھ ان کا رویہ دوستانہ ہوتا ہے۔ یہ لوگ جس پیشے کو بھی اپناتے ہیں، جلد ہی اپنی ہر دل عزیز شخصیت کی بدولت چھا جاتے ہیں۔

٭پیلا

اس رنگ کو پسند کرنے والی خواتین توقعات اور امیدوں کے سہارے زندگی گزارنا پسند کرتی ہیں، کیوںکہ یہ مکمل طور پر آئیڈل ازم کا رنگ تصور کیا جاتا ہے۔ ذہانت میں یہ دوسروں کو بھی پیچھے چھوڑ دیتی ہیں، لیکن اس کا استعمال کبھی کبھی ہی کرتی ہیں۔ عام طور ایسی خواتین کا رویہ دوسروں کے ساتھ دوستانہ نہیں ہوتا، لیکن اس کا یہ مطلب بھی نہیں کہ وہ شرمیلی ہوتی ہیں۔ اکثر محفلوں میں وہ خود کو مطمئن محسوس نہیں کرتیں، لیکن ایسے مواقع پر اس بات کا اظہار کرنا مناسب نہیں سمجھتے۔ پیلے رنگ کے شائق لوگ بڑے منصوبے بنانے میں ماہر ہوتے ہیں، چوں کہ یہ زیادہ توانا نہیں ہوتے، اس لیے ان پر عمل درآمد ان کے لیے مشکل ہوتا ہے۔ ان کے خیال میںچیزوںکا آسان ہونا ہی ان کے لیے بہتر ہو سکتا ہے۔


٭سبز

ہرا رنگ سکون کی علامت کے طور پر جانا جاتا ہے۔ یہ رنگ آنکھوں کو ترواٹ بخشتا ہے اور اسے دیکھ کر سکون کا احساس ابھرتا ہے۔ ایسے افراد جو اس رنگ کے دل داہ ہیں، وہ انتہائی سمجھ دار اور قابل احترام تصور کیے جاتے ہیں۔ اپنے مقصد میں واضح اور کھرے ہوتے ہیں۔ خود اعتمادی سے بھرپور اور آزادی اظہار پر مکمل یقین رکھتے ہیں۔ انتہائی سماجی اور منہ پھٹ بھی واقع ہوتے ہیں۔ دوستوں کی تعداد بہت زیادہ ہوتی ہے، اسی لیے یہ فنکشن وغیرہ میں شرکت کرنا بھی پسند کرتے ہیں۔ ایسے افراد کھانے پینے کے شوقین ہونے کی بنا پر اپنی غذا کا بے حد خیال رکھتے ہیں ۔

٭جامنی یا ویلوٹ

ایسے رنگ کو پسند کرنے والی خواتین بہت حساس اور رحم دل ہوتی ہیں۔ دوسروں کی مدد کرنے میں ہمیشہ آگے رہتی ہیں اور اپنے بارے میں سوچنے سے پہلے ہمیشہ دوسروں کے بارے میں سوچتی اور ان کے لیے کچھ کر دکھانے کو ہمہ وقت تیار رہتی ہیں اور اسی عادت کی وجہ سے بہت سے لوگ دھوکا دے جاتے ہیں، کیوں کہ آپ حساس بھی ہیں، اس لیے لوگوں کے ایسے منفی رویے پر دکھی بھی ہوتی ہیں، لیکن اپنے احساسات کا اظہار نہیں کرتیں اور خاموشی کو تر جیح دیتی ہیں۔ لڑنا جھگڑنا آپ کی فطرت میں شامل نہیں ہوتا۔

٭سیاہ

کالے رنگ کو عام طور پر اداسی یا ڈپریشن کا رنگ کہا جاتا ہے۔ اسی طرح اس رنگ کے حوالے سے منفی تاثر بھی لیا جاتا ہے، لیکن اس کے علاوہ بھی اس رنگ کی کئی خصوصیات ہیں۔ ایسی خواتین، جنہیں یہ رنگ پسند ہے، وہ آزادی کے دلدادہ ہونے کے ساتھ ساتھ انتہائی مضبوط ہوتی ہیں۔ انہیں اپنے احساسات کو چھپانا اچھی طرح آتا ہے، ہر طرح کے حالات سے خود کو ہم آہنگ کر لینا ان کے لیے کوئی بڑی بات نہیں ہوتی، لیکن اس کے ساتھ ہی دوسروں کو خود سے بے تکلف نہیں ہونے دیتیں اور اپنے اور دوسروں کے درمیان حد قائم رکھتی ہیں اور اپنی ذات اور خواہشات کو سب پر ترجیح دینا پسند کرتی ہیں۔

٭گلابی

اس رنگ کو پسند کرنے والی خواتین بہت نرم دل، حساس اور اچھی طبیعت کی مالک ہوتی ہیں۔ فطرت سے پیار کرتے ہیں اور ملن سار ہوتے ہیں۔ انہیں لوگوں کے درمیان رہنا اچھے لگتا ہے۔ دوسروں کا خیال رکھنا ان کی اولین ترجیح ہوتا ہے۔
Load Next Story