پاکستان کو انٹرنیشنل کرکٹ سے مزید دور نہیں رکھا جا سکتا غیر ملکی پلیئرز

شائقین کو ایک بار پھر میچز سے لطف اندوز ہونے کیلیے انتظارنہیں کرنا پڑیگا(جے سوریا)چار روزہ قیام سے خدشات دور ہوگئے،نیل

شائقین کو ایک بار پھر میچز سے لطف اندوز ہونے کیلیے انتظارنہیں کرنا پڑیگا(جے سوریا)چار روزہ قیام سے خدشات دور ہوگئے،نیل فوٹو : اے ایف پی

دو نمائشی میچز پر مشتمل ٹوئنٹی 20 سیریز کے بعد 10غیرملکی کرکٹرز اور ایک آفیشل خوشی سے دمکتے چہروں کے ساتھ وطن واپس لوٹ گئے۔

کوچ کالی چرن بدھ کو جائیں گے، روانگی سے قبل کرکٹرز کا کہنا تھا کہ پاکستان کو انٹرنیشنل کرکٹ سے مزید دور نہیں رکھا جاسکتا، انٹرنیشنل ورلڈ الیون کے کپتان سنتھ جے سوریا نے کہا کہ دنیا کو اب پاکستانی سرزمین کے کرکٹ کیلیے محفوظ ہونے پر یقین آگیا ہوگا، شائقین کو ایک بار پھر بین الاقوامی مقابلوں سے لطف اندوز ہونے کیلیے زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑے گا، آندرے نیل کا کہنا تھا کہ پاکستان میں چار روزہ قیام سے سب خدشات دور ہوگئے۔


نمائشی میچز یہاں پر کھیل کی بحالی کیلیے ایک بڑا قدم ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں دو ٹوئنٹی 20 نمائشی میچز کھیلنے کے بعد پیر کوویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ کے پلیئرز اور ٹیم منیجر جیف ملر جبکہ شام کو سنتھ جے سوریا سری لنکا واپس لوٹ گئے، پاکستان میں گزرے چار خوبصورت دنوں کی وجہ سے کھلاڑیوں کے چہرے خوشی سے دمک رہے تھے، سب نے پاکستان کو کھیلوں کیلیے محفوظ ملک قرار دینے کے ساتھ یہاں پر جلد انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کی امید بھی ظاہر کی۔ مارچ 2009 میں سری لنکن ٹیم پر حملے کے بعد پہلی مرتبہ غیرملکی کرکٹرز پاکستان کھیلنے کیلیے آئے۔

میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کپتان سنتھ جے سوریا نے کہا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی لازمی طور پر واپسی ہونی چاہیے، ان دو میچز کے بعد میں امید کرتا ہوں کہ لوگوں کو اس کے کرکٹ کیلیے محفوظ ملک ہونے پر یقین آگیا ہوگا، ہم نے کرکٹ فیلڈ میں دو بہترین دن گزارے، ان مقابلوں کو دیکھنے کیلیے ہزاروں کی تعداد میں لوگ آئے، مجھے اس بات پر پورا یقین ہے کہ تھوڑی سی مزید کوشش کے بعد پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ واپس آجائے گی۔ سری لنکا کو کئی میچز میں تن تنہا فتح دلانے والے سنتھ جے سوریا نے مزید کہا کہ مجھے انٹرنیشنل کرکٹ سے محروم پاکستانی شائقین سے پوری ہمدردی ہے۔

یہ کافی بدقسمتی کی بات ہے کہ یہاں کے لوگ اپنے گرائونڈز پر بین الاقوامی مقابلے دیکھنے سے محروم ہیں، مجھے اس بات کا بھی یقین ہے کہ جلد ہی ان کی یہ تڑپ ختم ہوجائے گی۔ سابق جنوبی افریقی فاسٹ بولر آندرے نیل نے کہا کہ پاکستان ایک بار پھر غیرملکی ٹیموں کی میزبانی کیلیے تیار ہے، آغاز میں میں خود بھی یہاں آنے پر تذبذب کا شکار تھا مگر ان دو انتہائی بہترین انداز میں آرگنائز کیے گئے میچز کے بعد مجھے اس کا یقین ہے کہ اب پاکستان کو انٹرنیشنل کرکٹ سے زیادہ عرصہ دور نہیں رکھا جاسکتا۔ واضح رہے کہ انٹرنیشنل ورلڈ الیون کے کوچ کالی چرن نے ابھی مزید دو روز کراچی میں گزارنے کا فیصلہ کیا ہے، وہ منگل کو پی آئی اے اکیڈمی کا دورہ بھی کریں گے، ان کی واپسی بدھ کو ہوگی۔
Load Next Story