ملک بھر میں 9 ویں محرم الحرام کی مناسبت سے ماتمی جلوس نکالے گئے

ماتمی جلوسوں کی سیکیورٹی کے لئے ملک بھر میں انتہائی سخت انتظامات کئے گئے

جلوس میں آنے والے تمام بازاروں اور مارکیٹوں کو بند کردیا گیا ۔ فوٹو: فائل

FAISALABAD:
میدان کربلا میں نواسہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم اور ان کے ساتھیوں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ملک بھر میں 9 محرم الحرام کی مناسبت سے ماتمی جلوس نکالے گئے۔


ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہات میں 9 محرم الحرام کی مناسبت سے مجالس منعقد کی گئی جن میں ذاکرین اورعلمائے دین میدان کربلا میں پیش آنے والے واقعات خاص طور پر حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور ان کے قافلے میں شامل ننھے علی اصغر سمیت دیگر بچوں کی پیاس اور ان کی استقامت کو بیان کیا۔

کراچی میں 9 ویں محرم الحرام کے موقع پر شہر بھر سے 236 جلوس برآمد ہوئے جو نشتر پارک میں جمع ہونے کے بعد ایک جلوس کی شکل میں اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیہ جا کراختتام پزیر ہوا۔

اس موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے اور شہر بھر میں 9 ہزار800 سے زائد پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا جب کہ بلند عمارتوں پر شارپ شوٹرز اور سول وردی میں ملبوس پولیس اہلکار بھی جلوسوں کی حفاظت کے لئے تعینات کئے گئے۔ گرومندر سے ٹاورتک تمام داخلی و خارجی راستے سیل کر دیئے گئے جب کہ ایم اے جناح روڈ کو بھی ٹریفک کے لئے بند کیا گیا ۔ جلوس کے تمام راستوں پر سرویلنس کیمرے لگائے گئے اور جلوس کی نگرانی کے لئے ایک کنٹرول روم بھی قائم کیا اس کے علاوہ جلوس کی ہیلی کاپٹر سے بھی نگرانی بھی کی گئی۔

لاہور میں بھی مرکزی جلوس پانڈو اسلام پورہ سے برآمد ہوا اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے اور راستے میں آنے والے تمام بازار اور مارکیٹیں بند کرا دی گئیں۔ نویں محرم الحرام کے موقع پر جلوس کی نگرانی کے لئے 8 ہزارپولیس اہکاروں کو تعینات کیا گیا جس میں سے ڈھائی ہزار سے زائد اہلکار سول وردی میں ملبوس تھے جب کہ شارپ شوٹرز بلند عمارتوں پر تعینات تھے۔ مرکزی جلوس نماز جمعہ کی نماز کی ادائیگی کے بعد اسلام پورہ سے ہوتا ہوا سول سیکرٹریٹ اور پھر خیمہ سادات پہنچا اور پھر نماز مغربین کی ادائیگی کے بعد اختتام پزیرہوا۔

لاہور میں دہشت گردی کے خدشے کے پیش نظر پولیس نے ایک مبینہ دہشت گرد کا خاکہ بھی جاری کیا گیا ۔ ایس ایس پی آپریشنز لاہور کے مطابق مبینہ دہشت گرد کی ہلکی داڑھی، درمیانہ قد، براؤن آنکھیں اور پتلا جسم ہے، اگر کسی کو بھی ایسا شخص نظر آئے تو ایمرجنسی نمبر 9242 پر فوری اطلاع دی جائے۔


اسلام آباد میں مرکزی جلوس جی سِکس امام بار گاہ انثا عشری سے برآمد ہوا اور اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا اختتام پزیر ہوا۔ وفاقی دارالحکومت میں اس حوالے سے 6 ہزار سیکیورٹی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے جب کہ جلوس کی جانب آنے والے تمام راستے کنٹینر لگا کر سیل کر دیئے گئے۔ جلوس میں شامل ہونے والوں کو تین مقامات پر چیکنگ کے بعد شرکت کی اجازت دی گئی جب کہ جلوس کی فضائی نگرانی بھی کی گئی۔ کسی بھی نا خوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے رینجرز کو بھی اسٹینڈ بائی پر رکھا گیا۔

راولپنڈی میں علم و تازیے کا جلوس چٹی ہٹیاں سے برآمد ہوا جو اقبال روڈ اور کالج روڈ سے ہوتا ہوا کرنل مقبول امام بارگاہ پر اختتام پزیر ہوا۔ جلوس کی نگرانی کے لئے پولیس اور رینجرز کے دستوں کو تعینات کیا گیا جب کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے جلوس کے راستے کو کلیئر کیا۔ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر 9 اور 10 محرم الحرام کے موقع پر میٹرو بس سروس کو بھی بند کیا گیا۔

ملتان میں 9 ویں محرم الحرام کے موقع پر شہر بھر سے مجموعی طور پر 51 جلوس برآمد ہوئے جب کہ 186 مجالس عزا برپا کی گئیں، مرکزی جلوس امام بار گاہ ممتاز آباد سے نماز جمعہ کے بعد برآمد ہوا۔ اس موقع پر 5 ہزار اہلکار سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے جب کہ سرکاری اسپتالوں میں بھی ایمرجنسی نافذ کی گئی تھی۔

پشاور میں نویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس حسینیہ ہال امام بارگاہ سے برآمد ہوا جو روایتی راستوں سے ہوتا ہوا واپس حسینینہ امام بارگاہ پر آکر اختتام پزیرہوا، اس موقع پر پشاور صدر بازار کو بھی سیل کیاگیا جب کہ سراغ رساں کتوں کی مدد سے جلوس کے راستوں کو کلیئر کیا گیا۔ عمارتوں پر فورسز کے خصوصی دستے بھی تعینات ہیں جب کہ مرکزی جلوس کی فضائی نگرانی بھی کی گئی۔ محرم الحرام کے موقع پر پورے پشاور کو حساس قرار دیا گیا اور سیکیورٹی کے لئے شہر بھر میں 10 ہزار پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے جب کہ ایف سی کی 16 پلاٹونز بھی تعینات تھے۔

بلوچستان کے صدر مقام کوئٹہ میں بھی ماتمی جلوسوں کی سیکیورٹی کے لئے سخت انتظامات کئے گئے اور وزیراعلیٰ ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے خود شہر کےمختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا جب کہ ان کے ہمراہ آئی جی پولیس، ایف سی کمانڈنٹ اور متعلقہ حکام بھی تھے۔

اس کے علاوہ حیدرآباد، سکھر، سیالکوٹ، چنیوٹ، کوہاٹ، بنوں، ہنگو اور گلگت بلتستان میں بھی 9 ویں محرم الحرام کی مناسبت سے ماتمی جلوس اور مجالس عزا برپا کی گئی۔

https://www.dailymotion.com/video/x3asenc
Load Next Story