یونس خان نے ٹیسٹ کرکٹ میں 9 ہزار رنز کا سنگ میل عبور کرلیا

یونس خان 103 میچوں میں54.21 کی اوسط سے 30 نصف اور 30 سنچریوں کے ساتھ 9 ہزار رنز بناچکے ہیں۔

یونس خان ٹیسٹ کرکٹ میں 9 ہزار رنز بنانے والے پہلے پاکستانی ہیں، فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کے مایہ ناز بلے باز یونس خان نے ٹیسٹ کرکٹ میں 9 ہزار رنز بنا کر پاکستان کی جانب سے یہ سنگ میل عبور کرنے والے پہلے ٹیسٹ کرکٹر کا اعزاز حاصل کرلیا۔

متحدہ عرب امارات میں جاری پاکستان اور انگلینڈ کی سیریز سابق کپتان اور مڈل آرڈر بلے باز یونس خان کو ہمیشہ یادرہے گی کیوں کہ انہوں نے انگلینڈ کے خلاف ابوظہبی میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں پاکستانی لیجنٹس انضمام الحق اور جاوید میانداد کا سب سے زیادرہ رنز بنانے کا ریکارڈ اپنے نام کیا اور دوسرے ٹیسٹ میں انہوں نے 9 ہزار رنز بنا کر پاکستان کی جانب سے یہ سنگ میل عبور کرنے والے پہلے ٹیسٹ کرکٹر کا اعزاز حاصل کرلیا۔


مایہ ناز بلے باز یونس خان نے 103 میچوں میں 54.21 کی اوسط سے 9 ہزار رنز بنائے جس میں 30 نصف سنچریاں اور 30 سنچریاں شامل ہیں جب کہ وہ اپنے کریئر میں 4 ڈبل اور 1 ٹرپل سنچری بناچکے ہیں۔ جب کہ اس سے قبل پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ جاوید میانداد کے پاس تھا جنہوں نے 124 میچوں میں 43 نصف سنچریوں اور 23 سنچریوں کی مدد سے 8 ہزار 832 رنز بنائے تھے۔

واضح رہے ٹیسٹ کرکٹ میں بھارت کے سچن ٹنڈولکر 200 میچوں میں 15 ہزار 921 رنز بنا کر پہلے، آسٹریلیا کے سابق کپتان رکی پونٹنگ 168 میچوں میں 13 ہزار 378 کے ساتھ دوسرے اور جنوبی افریقا کے جیک کیلس 166 میچوں میں 13 ہزار 289 کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں جب کہ یونس خان اس فہرست میں 14ویں نمبر پر ہیں۔

 
Load Next Story