پاکستان سے محبت کا پیغام لے کر گیتا اپنے وطن بھارت پہنچ گئی

گیتا کو اس کے حقیقی والدین تک تک پہنچا کر ہی وطن واپس آئیں گے، بلقیس ایدھی

سماعت سے محروم گیتا 13 برس قبل غلطی سے پاکستان میں داخل ہو گئی تھی۔ فوٹو: فائل

ایک طرف بھارت میں مسلمانوں اور خصوصا پاکستانیوں سے نفرت کو پروان چڑھایا جا رہا ہے تو دوسری جانب گزشتہ 13 برس سے ایدھی ہوم میں رہائش پزیر بھارتی لڑکی گیتا پاکستان سے محبت اور امن کا پیغام لے کر اپنے وطن پہنچ گئی ہے۔

سماعت سے محروم بھارتی لڑکی گیتا کراچی کے قائد اعظم انٹر نیشنل ایئرپورٹ سے پی آئی اے کی پرواز 272 سے نئی دلی کے لئے روانہ ہوئیں تو پاکستانی حکام نے پیار اور محبت کے ساتھ گیتا کو رخصت کیا۔ گیتا نئی دلی ایئرپورٹ پہنچی تو بھارتی حکام نے اس کا استقبال کیا۔ اس موقع پر گیتا انتہائی خوش دکھائی دے رہی تھی۔

وطن روانگی سے قبل گیتا کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ پاکستان سے ملی محبت اور خوشیاں ملیں انھیں کبھی بھلا نہیں سکتی، ایک طرف اپنے وطن جانے کی خوشی ہے تو دوسری جانب پاکستان چھوڑنے کا غم بھی ہے۔ دوسری جانب بلقیس ایدھی کا کہنا تھا کہ جب تک گیتا کو اس کے گھر والوں تک نہیں پہنچا دیتے تو اس وقت تک واپس نہیں آئیں گے۔


واضح رہے کہ سماعت اور گوت گویائی سے محروم گیتا تقریبا 13 برس قبل غلطی سے پاکستان میں داخل ہو گئی تھی اور اس کے بعد اسے ایدھی ہوم منتقل کردیا گیا تھا جہاں اس کی پرورش کی گئی۔ پاکستان کی کوششوں سے گیتا کی وطن واپسی کے لئے اقدامات کئے گئے جس کے بعد بھارتی حکام کی جانب سے مختلف خاندانوں کی تصاویر بھیجی گئیں۔

گیتا نے تصاویر کے ذریعے اپنے گھر والوں کو پہچانا اور پھر بھارت پہنچنے کے بعد گیتا اور اس کے گھر والوں کا ڈی این اے ٹیسٹ ہو گا جس کے بعد گیتا کو اس کے والدین کے حوالے کردیا جائے گا۔

https://www.dailymotion.com/video/x3b3xgm_geeta-return-to-india_news
Load Next Story