بلدیاتی انتخابات کے دوران میڈیا کےغیر حتمی نتائج جاری کرنے پر پابندی عائد

پیشگی غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج جاری کرنے سے فسادات برپا ہو سکتے ہیں، سیکرٹری الیکشن کمیشن

پیشگی انتخابی نتائج جاری کرے تو اس کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے، بابر یعقوب۔ فوٹو: فائل

الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کے دوران میڈیا کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج جاری کرنے پر پابندی عائد کردی ہے۔



ایکسپریس نیوز کے مطابق سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب فتح محمد کی سربراہی میں اعلی سطح کا اجلاس ہوا جس میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیا گیا، اس کے علاوہ اجلاس میں لاہور میں بلدیاتی انتخابات کی مہم کے دوران پیش آنے والے نا خوشگوار واقعہ کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔




پولیس افسران اور انتظامیہ کے دیگر حکام کی جانب سے الیکشن کمیشن کو یہ تجویز پیش کی گئی تھی کہ لاہور جیسے واقعہ کی روک تھام کے لئے خصوصی انتظامات کئے جائیں جس پر آج ہونے والے اجلاس میں میڈیا کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج جاری کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پیشگی غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج جاری کرنے سے فسادات برپا ہو سکتے ہیں اس لئے میڈیا صرف ریٹرننگ افسران کی جانب سے جاری نتائج ہی جاری کر سکتا ہے۔



بابر یعقوب فتح محمد کا کہنا تھا کہ قوائد و ضوابط پر عمل درآمد کروانا پیمرا کا کام ہے، پیمرا کو ہدایت جاری کر دی گئی ہیں کہ اگر کوئی چینل پیشگی انتخابی نتائج جاری کرے تو اس کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات کے دوران تمام ٹی وی چینلز کی سختی سے مانیٹرنگ بھی کی جائے گی تاکہ پیشگی نتائج جاری نہ ہو سکیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل تمام ٹی وی چینلز پولنگ کا وقت ختم ہونے کے ساتھ ہی غیر حتمی نتائج دکھانا شروع کر دیتے تھے جو مخالف جماعتوں کے کارکنوں میں اشتعال انگیزی کا باعث بنتے تھے۔
Load Next Story