کراچی میں فائرنگ اور پولیس موبائل پر حملہ اہلکار سمیت3ہلاک

منگھو پیر میں اسنیپ چیکنگ میں مصروف اہلکاروں پر قریبی گلیوں سے اندھادھند فائرنگ کردی گئی

مومن آباد میں 30سالہ اور لیاری کھڈا مارکیٹ رضا علی جاں بحق،مجلس وحدت کا اظہار مذمت . فوٹو: فائل

شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں پولیس اہلکار سمیت 3 افراد ہلاک اور 2 سگے بھائیوں سمیت متعدد زخمی ہوگئے ۔

تفصیلات کے مطابق منگھوپیر میں پولیس کی موبائل پر فائرنگ سے محافظ فورس کا کانسٹیبل ریاض شاہ شہید اور اے ایس آئی ممتاز علی ولد عظیم زخمی ہوگیا، ہلاک و زخمی کو فوری طور پر عباسی شہید اسپتال پہنچایا گیا ، ایس ڈی پی او منگھوپیر ڈی ایس پی نجم الحسن نے ایکسپریس کو بتایا کہ منگھوپیر کنواری کالونی ماربل روڈ پر پولیس اہلکار اسنیپ چیکنگ میں مصروف تھے کہ قریبی گلیوں سے نامعلوم افراد نے پولیس موبائل پر اندھادھند فائرنگ کردی جس سے ایک اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوگیا ، واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی اور سرچ آپریشن شروع کرکے متعدد افراد کو حراست میں لے لیا ۔

مومن آباد کے علاقے بسم اللہ کالونی میں اسلم چوک پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 30 سالہ ملک کاشف ہلاک ہوگیا۔ علاقہ ایس ایچ او نوید ناصر کے مطابق مقتول کاشف اے سی ایل سی کے ڈی ایس پی آپریشنز ملک قاسم کا چھوٹا بھائی تھا۔ لیاری کھڈا مارکیٹ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 45 سالہ سید رضا علی شاہ ہلاک ہوگیا ، ایس ایچ او بغدادی حاجی ثنا اللہ کے مطابق موسیٰ لین میں مہران بیکری والی گلی میں رضا علی شاہ دوستوں کے ہمراہ بیٹھا ہوا تھا کہ موٹر سائیکل سوار نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا ۔


مقتول شاہ عبداللطیف بھٹائی ہال کے قریب رہائش پذیر اور 5 بچوں کا باپ تھا ، مجلس وحدت المسلمین کے ترجمان علی احمر کے مطابق مقتول ان کے مذہبی پروگراموں میں سرگرمی سے حصہ لیتا تھا جبکہ علامہ ناصر عباس جعفری نے رضا علی شاہ کے قتل کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ رضا علی شاہ کے قاتل فوری طور پر گرفتار کرکے انھیں قرار واقعی سزا دی جائے ، نارتھ ناظم آباد بلاک M میں سپر میڈیکل اسٹور پر فائرنگ سے 2 سگے بھائیوں سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے، فائرنگ کے باعث خوف و ہراس پھیل گیا اور دکانیں و کاروباری مراکز بند ہوگئے۔

گلشن معمار میں میمن فارم ہائوس کے قریب اسنیپ چیکنگ میں مصروف پولیس اہلکاروں پر موٹر سائیکل سوار نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے پولیس اہلکار حق نواز اور نجی کمپنی کا سیکیورٹی گارڈ رضوان خان زخمی ہوگئے۔ پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک ملزم زخمی بھی ہوا جسے اس کے ساتھی اپنے ہمراہ لے کر فرار ہوگئے، پولیس نے واقعے کے بعد سرچ آپریشن شروع کردیا ، نارتھ ناظم آباد میں فائیو اسٹار چورنگی کے قریب ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ایک گولی بازو میں لگنے سے ندیم جبکہ شارع فیصل پر ایف ٹی سی فلائی اوور کے قریب محمد عابد زخمی ہوگیا۔

زخمیوں کو فوری طور پر عباسی اور جناح اسپتال پہنچایا گیا۔علاوہ ازیں رات گئے ماڑی پور روڈ پر کرائون سینما کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ نوشیر زخمی ہوگیا جسے سول اسپتال پہنچایا گیا ، ریسکیو ذرائع کے مطابق لانڈھی میں تھانے کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص شدید زخمی ہوگیا ۔

Recommended Stories

Load Next Story