حصص مارکیٹ غیر ملکی سرمائے کے انخلا سے33900کی حد گر گئی

کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس84.68 پوائنٹس کمی سے 33860.64 ہوگیا

کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس84.68 پوائنٹس کمی سے 33860.64 ہوگیا۔ فوٹو: آئی این پی/فائل

ISLAMABAD:
چین میں معاشی سست روی کے سبب بین الاقوامی کموڈیٹی، آئل اور حصص مارکیٹس میں مندی کے اثرات کراچی اسٹاک ایکس چینج پر بھی غالب رہے جبکہ زلزلے نے کاروبار کومتاثرکیا جس سے انڈیکس کی 33900 پوائنٹس کی حد گرگئی اور سرمایہ کاروں کے14 ارب49 کروڑ96 لاکھ روپے ڈوب گئے۔

ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر145.37 پوائنٹس کی تیزی سے 34000کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی تھی لیکن بعد دوپہر زلزلے کی اطلاعات نے سرمایہ کاروں کو بھی خوف زدہ کردیا جنہوں نے بھاری نقصان کے خدشات پر تیز رفتار آف لوڈنگ کی۔


کاروباری دورانیے میں مقامی کمپنیوں، بینکوں ومالیاتی اداروں، میوچل فنڈز، این بی ایف سیز، بروکرز اور دیگر آرگنائزیشنز نے 64 لاکھ13 ہزار527 ڈالر کی سرمایہ کاری کی جبکہ غیرملکیوں نے48 لاکھ52 ہزارڈالر اور انفرادی سرمایہ کاروں نے 15 لاکھ61 ہزار ڈالر کا انخلا کیا۔

کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس84.68 پوائنٹس کمی سے 33860.64 ہوگیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس91.97 پوائنٹس کی کمی سے 20795.54 اور کے ایم آئی30 انڈیکس170.17 پوائنٹس کی کمی سے56552.49 ہوگیا، کاروباری حجم گزشتہ جمعرات کی نسبت 27.45 فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر14 کروڑ67 لاکھ25 ہزار40 حصص کے ودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار379 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں152 کے بھاؤ میں اضافہ، 204 کے داموں میں کمی اور23 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
Load Next Story