انگلش ٹیل اینڈرز نے مزاحمت کا نیا ریکارڈ قائم کردیا

دبئی میں عادل سمیت آخری 4 بیٹسمینوں نے سب سے زیادہ 322گیندیں کھیلیں

روٹ کے3 ہزاررنز مکمل،رواں سال سب سے زیادہ اسکور بنانے والے بیٹسمین کا اعزاز ۔ فوٹو : اے ایف پی

انگلش ٹیل اینڈرز نے مزاحمت کا نیا ریکارڈ قائم کردیا،دبئی ٹیسٹ میں عادل رشید سمیت آخری 4 بیٹسمینوں نے سب سے زیادہ 322 گیندیں کھیلیں،مہمان ٹیم نے ایشیا میں چوتھی اننگز میں سب سے زیادہ اوورز کھیلنے والی ٹیموں کی فہرست میں چوتھے نمبر پر جگہ بنائی۔ جوئے روٹ 3 ہزاررنز مکمل کرنے والے 41ویں انگلش بیٹسمین بن گئے، رواں سال میں ٹاپ اسکورر کے طور بھی اپنا نام درج کرالیا۔

تفصیلات کے مطابق دبئی ٹیسٹ کے پانچویں روز بھرپور مزاحمت کا مظاہرہ کرنے والے انگلش کے ٹیل اینڈرز نے ایک نیا عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے،کھانے کے وقفے تک ایسا محسوس ہوتا تھا کہ پاکستان باآسانی فتح حاصل کر لے گا لیکن اختتامی بیٹسمین میچ کو ڈرا کے قریب لے گئے تھے، عادل رشید، اسٹورٹ براڈ، مارک وڈ اور جیمز اینڈرسن نے چوتھی اننگز میں سب سے زیادہ 322گیندیں کھیلنے کا ریکارڑ قائم کردیا۔


عادل رشید نے تقریباً چار گھنٹے بیٹنگ کی اور172گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 61 رنز بنائے، براڈ 42 ، مارک ووڈ 95 گیندیں کھیل کر آؤٹ ہوئے جبکہ اینڈرسن نے 13 گیندوں کا سامنا کیا،اس سے قبل آخری 4 بیٹسمین زیادہ سے زیادہ 298گیندیں کھیل پائے تھے، انگلینڈ نے ایشیا میں چوتھی اننگز میں سب سے زیادہ اوورز کھیلنے والی ٹیموں کی فہرست میں چوتھے نمبر پر جگہ بنائی،ٹیم نے 137.3اوورز یعنی 830گیندیں کھیلیں،اس سے قبل بنگلہ دیش نے 2005میں زمبابوے کیخلاف ڈرا میچ میں 142اوورز یعنی 852بالز کا سامنا کیا تھا۔

دریں اثنا انگلش بیٹسمین جوئے روٹ 3000 رنز مکمل کرنے والے 41ویں انگلش بیٹسمین بن گئے، وہ رواں سال سب سے زیادہ رنز بنانے والوں کی فہرست میں پہلے نمبر پر ہیں،انھوں نے 22اننگز میں 67.26کی اوسط سے 1278رنز بنائے،روٹ نے ایک سال میں 12ففٹی پلس اسکور کرتے ہوئے فلیچر کا انگلش ریکارڈ 43سال بعد توڑ دیا۔
Load Next Story