ریاست کے تمام وسائل زلزلہ متاثرین کی مدد پر صرف کیے جائیں گے وزیراعظم نوازشریف

وزیراعظم نے امدادی سرگرمیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ حکومت متاثرین کو امداد اور بحالی کی اہلیت رکھتی ہے

وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں آرمی چیف، وفاقی وزرا اور متعلقہ اداروں کے افسران شریک تھے۔ فوٹو:فائل

ملک بھر میں ہولناک زلزلے کے بعد کی صورتحال پر ہونے والے اہم اجلاس میں وزیراعظم نوازشریف نے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ریاست کے تمام وسائل متاثرین کی مدد پر صرف کئے جائیں گے.



وزیراعظم نوازشریف کی زیر صدارت ملک بھر میں ہولناک زلزلے کے بعد کی صورتحال پر اہم اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان، وزیرخزانہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیراطلاعات پرویز رشید، گورنرخیبرپختونخوا سردار مہتاب، آرمی چیف جنرل راحیل شریف، ڈی جی ملٹری آپریشن میجر جنرل ساحر شمشاد، ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل عاصم باجوہ شریک تھے۔



اجلاس کے دوران چیئرمین این ڈی ایم اے اور ڈی جی ملٹری آپریشنز نے شرکاء کو زلزلے سے ہونے والی تباہ کاریوں اور امدادی سرگرمیوں پر بریفنگ دی جب کہ این ڈی ایم اے کے میجر جنرل نے زلزلے کے بعد کی صورتحال پر رپورٹ پیش کی جس میں کہا گیا کہ زلزلے سے ملک بھر میں اب تک 250 افراد جاں بحق اور 1700 سے زائد زخمی ہوئے ہیں جب کہ زلزلے کے باعث 2500 سے زائد گھروں کو نقصان پہنچا ہے جن میں 2100 گھر خیبرپختونخوا میں منہدم ہوئے ہیں۔ اجلاس میں امریکا اور اقوام متحدہ سمیت دنیا بھر سے آنے والی امداد کی پیشکشوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔





اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف نے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ حکومت زلزلہ متاثرین کو امداد اور بحالی کی اہلیت رکھتی ہے جب کہ متاثرہ شہریوں کی مدد کے لئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے تمام وسائل متاثرین کی مدد پر صرف کئے جائیں گے اور صوبائی حکومتوں سے متاثرین کو بچانے،امداد اور بحالی میں تعاون کرینگے جب کہ نقصانات کا مکمل تخمینہ لگانے کے بعد متاثرین کے لئے امدادی پیکیج کا اعلان کیا جائیگا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت زیادہ متاثرہ خیبرپختونخوا اور فاٹا انتظامیہ سے مکمل تعاون کریگی جب کہ وزیراعظم کی پاک فوج،این ایچ اے،این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے حکام کی تعریف بھی کی۔




این ڈی ایم کے کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق شانگلہ میں 28 افراد جاں بحق، 80 زخمی، 417 گھر متاثر ہوئے، لوئردیر میں 22 افراد جاں بحق، 248 زخمی، 286 گھر متاثر، اپردیر میں 15 افراد جاں بحق، 147 زخمی، 312 گھر متاثر، سوات میں 28 افراد جاں بحق، 161 زخمی، 258 گھر متاثر، چترال میں 30 افراد جاں بحق، 200 زخمی، باجوڑ ایجنسی میں 26 افراد جاں بحق، 50 زخمی، 300 گھر متاثر، بونیر میں 08 افراد جاں بحق، 95 زخمی، 397 گھر متاثر، مالا کنڈ میں میں 02 افراد جاں بحق، 78 زخمی، 357 گھر متاثر، ضلع غذر میں میں 04 افراد جاں بحق، 09 زخمی، 50 گھر متاثر، ضلع دیامر میں 02 افراد جاں بحق، 13 زخمی، 40 گھر متاثر، راولپنڈی میں 03 افراد جاں بحق، 27 زخمی ہوئے ہیں۔





اجلاس کے بعد وزیراعظم نوازشریف نے زلزلے سے متاثرہ علاقے شانگلہ کا دورہ کیا جہاں اس موقع پر وفاقی وزیراطلاعات اور گورنر خیبرپخونخوا بھی ان کے ہمراہ تھے۔ شانگلہ پہنچے پر وزیراعظم کو زلزلے سے ہونے والے نقصانات اور امدادی سرگرمیوں سے متعلق بریفنگ دی گئی جس میں کہا گیا کہ شانگلہ میں زلزلے سے49افراد جاں بحق ہوئے اور دوردراز علاقے ہونے کی وجہ سے تفصیلات جمع کرنے میں مشکلات ہیں تاہم متاثرہ علاقوں سے متعلق معلومات جمع کی جارہی ہیں جب کہ این ایچ اے نے تمام اہم شاہراہیں بحال کر دیں ہیں۔ بریفنگ میں کہا گیا کہ شانگلہ میں 200 سے زائد امدادی کارکن کام کررہے ہیں اور متاثرہ لوگوں کو خوراک ضروری اشیا فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے تاہم متاثرہ علاقوں میں کمبل سمیت دیگر ضروری اشیا کی مزید ضرورت ہے جو جلد سے جلد پہنچا دی جائیں گی۔



شانگلہ میں زلزلہ متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ شانگلہ میں زلزلے سے کافی نقصان ہوا ہے، بریفنگ میں سمجھنے کی کوشش کی ہے کتنا اور کیسا نقصان ہوا جب کہ مکمل تباہ ہونے والے گھر کے مالک کو ایک لاکھ جب کہ جزوی نقصان پر گھر کے مالک کو 50 ہزار روپے دیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تباہ ہونے والے گھروں اوردیگرنقصانات کا تخمینہ لگایا جارہا ہے اور وزیراعلیٰ پرویز خٹک سے مشاورت کے بعد اچھے پیکج کا اعلان کیا جائے گا تاہم جس کا گھر تباہ ہوا اس کو پہلے سے اچھا گھر بنانے میں تعاون کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ زلزلے میں زخمی افرادکی ہرممکن مدد کی جارہی ہے اور اس میں کوئی کوتاہی نہیں برتی جائے گی جب کہ سڑکیں بحال کرنے کا کام بھی تیزی سے جاری ہے۔

واضح رہے گزشتہ روز ملک کے بیشتر علاقوں میں آنے والے زلزلے کے پیش نظر وزیراعظم نواز شریف اپنا برطانیہ کا دورہ مختصر کرتے ہوئے آج وطن واپس پہنچے تھے۔

https://www.dailymotion.com/video/x3b8660_pm-army-chief_news
Load Next Story