سندھ پولیس کا کراچی میں انسداد پولیو مہم کے لیے سیکیورٹی دینے سے انکار

بلدیاتی انتخابات میں سیکیورٹی کے لیے نفری دیگر شہروں میں بھیجنے سے نفری کی کمی کا سامنا ہے، آئی جی سندھ

بلدیاتی انتخابات میں سیکیورٹی کے لیے نفری دیگر شہروں میں بھیجنے سے نفری کی کمی کا سامنا ہے، آئی جی سندھ، فوٹو: فائل

KARACHI:
آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے انسداد پولیو مہم کے لیے سیکورٹی دینے سے انکار کردیا جس کے بعد شہر میں پولیو مہم منسوخ کردی گئی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے گلبرگ کی 22 یونین کونسلوں میں 4 روزہ خصوصی انسداد پولیو مہم کا آغاز ہونا تھا جو جو آئی جی سندھ کی جانب سے سیکیورٹی کے لیے پولیس اہلکاروں کی فراہمی سے معذرت پر منسوخ کردی گئی۔ نمائندہ ایکسپریس نیوز کےمطابق وزیراعلیٰ ہاؤس میں انسداد پولیو مہم کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے انسداد پولیو مہم کے حکام کو بتایا کہ صوبے میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے پولیس کی نفری لاڑکانہ اور سکھر بھیجی گئی ہے جس کے باعث نفری کی کمی کا سامنا ہے۔


صوبائی انسداد پولیو مہم کے انچارج عثمان چاچڑ نے پولیس کی سیکیورٹی نہ ملنے کی صورت میں پولیو مہم چلانے سے انکار کردیا ہے جب کہ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے آئی جی سندھ کو پولیو مہم کی سیکیورٹی کے لیے 3 ہزار اہلکار فراہم کرنے کے احکامات دیئے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ مریم نامی 18ماہ کی بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق کے بعد کراچی کے علاقے گلبرگ میں خصوصی پولیو مہم چلانے کا فیصلہ کیا گیا۔
Load Next Story