ہاٹ رولڈ ڈمپنگ چین کیخلاف پاکستان اسٹیل کی درخواست رد

زیادہ ملازمین اور توانائی بحران اورپیداواری وآپریشنل اخراجات اسٹیل ملزکے بحران کی وجہ قرار

زیادہ ملازمین اور توانائی بحران اورپیداواری وآپریشنل اخراجات اسٹیل ملزکے بحران کی وجہ قرار۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
نیشنل ٹیرف کمیشن (این ٹی سی) نے چین سے درآمدی آئرن و اسٹیل کی ہاٹ رولڈ مصنوعات کی ڈمپنگ کے ملکی اسٹیل انڈسٹری پر منفی اثرات کے بارے میں تحقیقات کے لیے پاکستان اسٹیل ملزکی درخواست مسترد کردی ہے اور اوورایمپلائمنٹ، گیس کی عدم دستیابی، توانائی بحران، پیداواری لاگت میں غیرمعمولی اضافے اور آپریشنل اخراجات کو پاکستان اسٹیل ملز کے بحران کا ذمے دار قرار دیدیا ہے۔


کمیشن نے رپورٹ وزارت تجارت کو بھجوادی ہے جو جمعرات کو کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی)میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔ اس ضمن میں ''ایکسپریس'' کو دستیاب دستاویز کے مطابق پاکستان اسٹیل ملز کی جانب سے کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی میں ہمسایہ ممالک سے آئرن و اسٹیل کی ہاٹ رولڈ مصنوعات کی درآمد کرکے پاکستان میں ڈمپ کرنے کا معاملہ اٹھایا گیا تھا اوراینٹی ڈمپنگ ڈیوٹی ایکٹ 2015 کی سیکشن 23 کے تحت معاملے کی تحقیقات کرنے کی درخواست دی گئی تھی۔ علاوہ ازیں پاکستان اسٹیل ملز کی جانب سے ہمسایہ ممالک سے آئرن و اسٹیل کی ہاٹ رولڈ مصنوعات کی درآمد پر اینٹی ڈمپنگ ڈیوٹی عائد کرنے کی تجویز دی گئی تھی اور موقف اختیار کیا گیا تھا کہ ہمسایہ ممالک سے آئرن و اسٹیل کی ہاٹ رولڈ مصنوعات کرکے ڈمپ کرنے سے ملک کی مقامی اسٹیل انڈسٹری متاثر ہورہی ہے جس پر کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی) نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) اور نیشنل ٹیرف کمیشن کو ہدات کی تھی کہ معاملے کا جائزہ لیا جائے اور یہ دیکھا جائے کہ کیا ہمسایہ ممالک سے رعایتی ڈیوٹٰی پر آئرن و اسٹیل کی ہاٹ رولڈ مصنوعات درآمد کرکے پاکستان میں ڈمپ ہورہی ہیں اور اگر ہورہی ہیں تو اس سے ڈیوٹی اور ٹیکسوں کی مد میں کتنا نقصان ہورہا ہے اور یہ کہ اس کے مقامی اسٹیل انڈسٹری پر کیا اثرات مرتب ہورہے ہیں۔

نیشنل ٹیرف کمیشن کی جانب سے وزارت تجارت کو بھجوائی جانے والی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ چین سے آئرن و اسٹیل کی ہاٹ رولڈ مصنوعات کی درآمد کرکے ڈمپ کرنے کے الزامات کا جائزہ لیا گیا ہے مگر ایسے کوئی شواہد نہیں ملے ہیں کہ چین سے درآمد کرکے ڈمپ کی جانے والی ان مصنوعات سے ملک کی مقامی انڈسٹری متاثر ہورہی ہے لہٰذا اس معاملے کی تحقیقات کا کوئی جواز نہیں ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نیشنل ٹیرف کمیشن پاکستان اسٹیل ملز کی جانب سے چین سے آئرن و اسٹیل کی ہاٹ رولڈ مصنوعات کی درآمد کرکے ڈمپ کرنے کے معاملے کی تحقیقات کرنے کی درخواست مسترد کرتا ہے اور اس بارے میں چیئرمین پاکستان اسٹیل ملزکو بھی آگاہ کردیا گیا ہے اور انہیں بتادیا گیا ہے کہ اس معاملے کی انویسٹی گیشن نہیں کی جاسکتی ہے۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ نیشنل ٹیرف کمیشن نے ان عوامل کا بھی جائزہ لیا ہے جن کی وجہ سے ملک کی مقامی اسٹیل انڈسٹری متاثر ہورہی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان اسٹیل ملز لمیٹڈ چین سے درآمدی آئرن و اسٹیل کی ہاٹ رولڈ مصنوعات کی ڈمپنگ کے بجائے اوور ایمپلائمنٹ، گیس کی عدم دستیابی، توانائی بحران، پیداواری لاگت میں غیر معمولی اضافہ اور آپریشنل اخراجات میں بے تحاشہ اضافے کی وجہ سے متاثر ہورہی ہے۔
Load Next Story