دنیا بھر میں پچھلے سال سائبرکرائم کے باعث 373 ارب ڈالر کا نقصان

30 ممالک کے 100 بینکوں سے اے ٹی ایم کے ذریعے ایک ارب ڈالر نکلوائے گئے، آفتاب اقبال

پروگرام ’خبردار‘ میں بی آئی ایس پی کے اے ٹی ایم کارڈز میں گھپلوں کی طرف بھی توجہ دلائی گئی فوٹو: فائل

کمپیوٹر اور انٹرنیٹ کے ذریعے جرائم میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے جن کو سائبر کرائم کہتے ہیں۔

سائبرکرائم نے گزشتہ سال373ارب ڈالر کے نقصانات دنیا بھر میں کیے جب کہ صرف اے ٹی ایم سے گزشتہ سال ایک ارب ڈالر سائبر کرائم کے ذریعے نکلوائے گئے۔ یہ اعداد وشمار صرف30 ممالک کے 100 بینکوں کے ہیں۔


ان ہوشربا حقائق سے آفتاب اقبال نے اپنے پروگرام خبردار میں پردہ اٹھایا۔ انھوں نے خواتین کی جانب سے سوشل میڈیا پر اپنی اور فیملی کی تصاویر لگانے کوبھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے بتایا کہ کس طرح کچھ ناعاقبت اندیش افراد ان تصاویر کو فوٹو شاپ میں ایڈٹ کر کے خواتین کو ہراساں اور بلیک میل کر کے رقم بٹورتے ہیں۔

انھوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ انٹرنیٹ پر کسی اجنبی اور غیرمتعلقہ شخص سے دوستی نہ کریں۔ پروگرام میں عوام کو آگاہی دی گئی کہ ایسے معاملات کی شکایات ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ میں درج کروائی جا سکتی ہیں۔ انھوں نے حکومت کی توجہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے اے ٹی ایم کارڈز میں ہونے والے گھپلوں کی طرف بھی دلوائی کہ کس طرح مکار لوگ سادہ لوح اور ان پڑھ خواتین کے اے ٹی ایم کارڈز اور پن کوڈ لے کر خود رقم نکلوا کر ہڑپ کر جاتے ہیں۔

انھوں نے حکومت پر زوردیا کہ وہ ان خواتین کے اے ٹی ایم کارڈز پر ان کا نام درج کرے تاکہ کارڈز پر نام نہ ہونے کی وجہ سے تبدیل ہونے والے کارڈز اور ملک کو ہونے والے کروڑوں روپے کے نقصان کو روکا جا سکے۔
Load Next Story