ن لیگ کا پارٹی نظم وضبط کی خلاف ورزی پرکارروائی کا فیصلہ

آخری وارننگ جاری کر دی گئی، اختلافات دور نہ کرنے پر پارٹی سے خارج کر دیا جائے گا

قیادت نے شہباز شریف کو ٹاسک دے دیا، بعض رہنماؤں میں دوریاں کم ہونا شروع ہوگئیں، ذرائع۔ فوٹو: فائل

KARACHI:
پاکستان مسلم لیگ ن کی قیادت نے پارٹی میں اختلافات پیدا کرنے اور مسلسل نظم وضبط کی خلاف ورزی کرنے والے رہنماؤں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور ان ناراض رہنماؤں کو آخری وارننگ جاری کردی گئی ہے.


حکمراں مسلم لیگ (ن) کے ذرائع نے ایکسپریس کو بتایا ہے کہ پارٹی کی مرکری قیادت نے فیصل آباد میں بلدیاتی انتخابات میں وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ، وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی اور ان کے والد کے درمیان اختلافات کا سخت نوٹس لے لیا ہے، ان رہنماؤں کو اعلیٰ قیادت کی جانب سے پیغام موصول ہوا ہے کہ فوری طور پر بیان بازی سے گریز کیا جائے، ان رہنماؤں کو جلد پارٹی قیادت کی جانب سے طلب کیا جائے گا اور معاملات کو حل کرانے کی حتمی کوشش کی جائے گی۔

پارٹی قیادت نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو ٹاسک دیا ہے کہ وہ فوری طور پر پنجاب کے رہنماؤں کو طلب کرکے ان اختلافات کو دور کرائیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی قیادت پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے سبب اختلافات کا شکار رہنماؤں کے خلاف کارروائی سے گریز کر رہی ہے۔ پارٹی قیادت کی کوششوں سے فی الحال وفاقی کابینہ کے وزرا چوہدری نثار علی خان، خواجہ آصف، احسن اقبال سمیت دیگر کے درمیان بعض ذاتی یا دیگر امور پر دوریاں کم ہونا شروع ہو گئی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم بھی مرکزی قیادت کے ہمراہ بلدیاتی انتخابات کے بعد ملک گیر سطح پر ضلعی عہدیداروں اور ارکان اسمبلی سے ملاقاتیں کریں گے۔
Load Next Story