آپ چھکا تو مار لیں گے لیکن اصل کامیابی تو پارٹنر کے ساتھ لمبی اننگز کھیلنے میں ہے ریحام خان

خواتین کا احترام کئے بغیر معاشرے میں تبدیلی نہیں آ سکتی، سابق اہلیہ عمران خان

ہمارے معاشرے میں بیوی، بیٹی اور ماں کی عزت کرنا سکھایا جاتا ہے لیکن کچھ لوگو تہذیب کی پیروی نہیں کرتے، ریحام خان۔ فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان کا کہنا ہے کہ کرکٹ میں چھکا مارنا بے شک بڑی کامیابی ہے لیکن اصل کامیابی تو اپنے پارٹنر کے ساتھ طویل اننگز کھیلنا اور سنچری اسکور کرنا ہے۔

مانچسٹر میں میڈیا کانفرنس کے تیسرے اور آخری روز خطاب کرتے ہوئے ریحام خان کا کہنا تھا کہ میرے پاکستان جانے کی وجہ وہ نہیں تھی جو لوگ سمجھتے تھے، میں نے رپورٹنگ میں اخلاقی پہلو کو اجاگر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ میڈیا کا کام صرف چھکے مار کر سنسنی پھیلانا نہیں بلکہ معاشرے کے مثبت پہلوؤں کو سامنے لانا ہے، میری باتوں کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔



عمران خان کا نام لئے بغیر ریحام خان کا کہنا تھا کہ کرکٹ میں چھکا مارنا بے شک بڑی کامیابی ہے لیکن اصل کامیابی تو اپنے پارٹنر کے ساتھ طویل اننگز کھیل کر سنچری بنانا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے معاشرے میں بیوی، بیٹی اور ماں کی عزت کرنا سکھایا جاتا ہے لیکن کچھ لوگو تہذیب کی پیروی نہیں کرتے، خواتین کا احترام کئے بغیر معاشرے میں تبدیلی نہیں آ سکتی۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان اور ریحام خان کے درمیان 5 روز قبل ہی طلاق ہوئی تھی جب کہ ریحام خان 29 اکتوبر کو ہی پاکستان سے لندن کے لئے روانہ ہو گئی تھیں۔

Load Next Story