یاسر شاہ ٹیسٹ کرکٹ کی 100 سالہ تاریخ کے کامیاب ترین بولر بن گئے

یاسر شاہ اب تک 12 ٹیسٹ میچز میں 24.17 کی اوسط سے 76 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں

یاسر شاہ اب تک 12 ٹیسٹ میچز میں 24.17 کی اوسط سے 76 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔ فوٹو : اے ایف پی

قومی کرکٹ ٹیم کے تیزی سے ابھرتے ہوئے لیگ اسپنر یاسر شاہ ٹیسٹ کرکٹ کی 100 سالہ تاریخ میں سب سے کم میچز میں زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے بولر بن گئے ہیں۔

انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں 8 وکٹیں حاصل کر کے یاسر شاہ ٹیسٹ کرکٹ کی 100 سالہ تاریخ میں سب سے کم میچ کھیل کر زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے بولر بن گئے ہیں۔ یاسر شاہ اب تک 12 ٹیسٹ میچز میں 24.17 کی اوسط سے 76 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں جب کہ یاسر شاہ سے قبل کوئی بھی کرکٹر 100 برس میں یہ کارنامہ انجام نہیں دے سکا۔ یاسر شاہ سے قبل آسٹریلیا کے فاسٹ بولر چارلی ٹرنر نے 19 ویں صدی کے آغاز میں اپنے ابتدائی 12 ٹیسٹ میچز میں 80 شکار کیے تھے۔


یاسر شاہ نے انگلیڈ کے خلاف 2 ٹیسٹ میچز میں مجموعی طور پر 15 وکٹیں حاصل کیں اور سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ اس کے علاوہ یاسر شاہ پاکستان کی جانب سے سب سے کم میچز میں 50 وکٹیں حاصل کرنے والے ٹیسٹ بولر بھی ہیں، انھوں نے یہ کارنامہ صرف 9 ٹیسٹ میچز میں انجام دیا اور ٹیسٹ کرکٹ کے 10 بہترین بولرز میں شامل ہو گئے۔

آسڑیلیا کے مایہ ناز لیگ اسپنر شین وارن بھی یاسر شاہ کو دنیا کا بہترین لیگ اسپنر قرار دے چکے ہیں جب کہ عبد القادر بھی یاسر شاہ کی بہترین بولنگ کے معترف ہیں۔
Load Next Story