وزارت خزانہ نے ایف بی آر کو ٹیکس ہدف پر نظر ثانی کی ہدایت کر دی

وفاقی وزیرخزانہ نے 2381 ارب روپے کے سالانہ ٹیکس ہدف کو حقیقت پسندانہ بنانے کا حکم دیدیا۔

وزارت خزانہ نے ٹیکس وصولیوں میں بڑے پیمانے پر شارٹ فال کے باعث فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کو رواں مالی سال کے لیے مقرر کردہ 2381 ارب روپے کی ٹیکس وصولیوں پر نظرثانی کرکے حقیقت پسندانہ بنانے کی ہدایت کر دی ہے۔


ذرائع نے بتایا کہ یہ ہدایت وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ نے دو روز اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ وزیر خزانہ نے ایف بی آر حکام سے کہا ہے کہ ٹیکس وصولیوں کیلیے واضح حکمت عملی تیار کرکے آگاہ کیا جائے کیونکہ اب تک کی کارکردگی انتہائی مایوس کن ہے۔ ''ایکسپریس'' کو دستیاب دستاویز کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران ایف بی آر کے ناردرن ریجن کی طرف سے ود ہولڈنگ ٹیکس کی مد میں حاصل کی جانے والی ٹیکس وصولیاں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کی ٹیکس وصولیوں سے بھی 12.7 فیصد کم ہیں۔

جو لمحہ فکریہ ہے کیونکہ ایف بی آر کو حاصل ہونے والی ڈائریکٹ ٹیکس وصولیوں میں ودہولڈنگ ٹیکس کا حصہ زیادہ ہے اور ایل ٹی یو اسلام آباد، ایل ٹی یو لاہور، ریجنل ٹیکس آفس اسلام آباد، ریجنل ٹیکس آفس راولپنڈی اور ریجنل ٹیکس آفس لاہور سمیت 4 آر ٹی اوز نہ صرف ہدف کے حصول میں ناکام رہے بلکہ ان کی طرف سے حاصل کی جانے والی ودہولڈنگ ٹیکس وصولیاں بھی منفی رہی ہیں۔
Load Next Story