اسکواش عاصم خان اور اسرار فائنل راؤنڈ میں پہنچ گئے

رئیس اور وقار محبوب نے بھی آج شروع ہونے والے مرحلے کے لیے ٹکٹ حاصل کرلی

رئیس اور وقار محبوب نے بھی آج شروع ہونے والے مرحلے کے لیے ٹکٹ حاصل کرلی۔ فوٹو : فائل

پریذیڈنٹ گولڈ کپ انٹرنیشنل اسکواش ٹورنامنٹ میں عاصم خان، اسرار احمد، رئیس خان اور وقار محبوب کوالیفائنگ مرحلہ عبور کرنے میں کامیاب ہوگئے۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق سال کے دوسرے بڑے انٹرنیشنل اسکواش ٹورنامنٹ کے مین مرحلے کا آغاز ہفتے سے مصحف علی میر اسکواش کمپلیکس اسلام آباد میں ہوگا، 25 ہزار ڈالر انعامی رقم کے پی ایس اے ایونٹ میں ورلڈ نمبر 35 مصر کے عمر مغید ٹاپ سیڈ ہیں، ان کے ساتھ مزید 4 غیر ملکی کھلاڑی بھی ایکشن میں نظر آئیں گے، 2 کوالیفائنگ راؤنڈ میں ہار گئے تھے۔


جمعے کو کوالیفائنگ فائنل میں فتح کے ساتھ پاکستان کے 4 نوجوان کھلاڑیوں نے بھی مین مرحلہ کھیلنے کا حق حاصل کیا، عاصم خان نے انتہائی سخت مقابلے کے بعد وقاص محبوب کو 3-2 سے مات دی، عاصم کا مین مرحلے کے ابتدائی میچ میں ٹاپ سیڈ مصر کے عمر مغید سے مقابلہ ہوگا۔ دوسرے کوالیفائنگ فائنل میں نوجوان رئیس خان نے بہتر رینکنگ کے حامل ظاہر شاہ کو 3-1 سے زیر کیا، وہ ہفتے کو5 سیڈ دانش اطلس خان کے خلاف کورٹ میں اتریں گے۔

ایک اور میچ میں وقار محبوب نے بلال ذاکر کو بھی اسی مارجن سے ہراتے ہوئے فائنل راؤنڈ میں قومی نمبر ون ناصراقبال سے مقابلے کا ٹکٹ حاصل کرلیا۔ چوتھے اور آخری کوالیفائنگ فائنل میں ایشین جونیئر چیمپئن اسرار احمد نے احسن ایاز کو 3-1 سے مات دی، اسرارکا اب فائنل راؤنڈ کے ابتدائی میچ میں امریکی ٹوڈ ہرٹی سے مقابلہ ہوگا۔

ٹورنامنٹ کے مین مرحلے میں ناصراقبال، دانش اطلس خان، طیب اسلم، عامر اطلس خان، فرحان محبوب، محمد ثاقب یوسف اور خواجہ عادل مقبول براہ راست جگہ بنائی جبکہ چار قومی پلیئر کوالیفائنگ راؤنڈ عبور کرنے میں کامیاب ہوگئے، ایونٹ میں مصر کے عمر مغید، کریم الفتحی، امریکی ٹوڈ ہرٹی اور آسٹریا کے عقیل الرحمان بھی حصہ لے رہے ہیں۔
Load Next Story