ورلڈ اسٹارز ٹی ٹوئنٹی سیریز وارن وارئیرز نے ٹنڈولکر بلاسٹرز کو شکست دے دی

شین وارن کو عمدہ بولنگ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

تین میچوں پر مشتمل اسٹارز الیون سیریز کا دوسرا میچ یکم نومبر کو کھیلا جائے گا۔ فوٹو: ای ایس پی این

امریکا میں کرکٹ کے فروغ کے لئے ہونے والے ورلڈ اسٹارز ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان سمیت دنیا بھر کے سپر اسٹارز نے اپنی کارکردگی کے جوہر دکھائے لیکن میچ وارن وارئیرز نے ٹندولکر بلاسٹرز کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر اپنے نام کرلیا۔

امریکا کے شہر نیویارک سٹی کے سٹی فیلڈ کرشنگ میڈوز میں کھیلے جانے والے میچ میں وارن وارئیرز کے کپتان شین وارن نے ٹاس جیت کر ٹنڈولکر بلاسٹر کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ ٹنڈولکر بلاسٹرز کی جانب سے وریندر سہواگ اور سچن ٹنڈولکر نے اپنی ٹیم شاندار آغاز فراہم کیا اور 85 رنز پر ٹنڈولکر 26 رنز بنا کر جیکس کیلس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ 85 کے مجموعی اسکور پر ہی سہواگ بھی 55 رنز بنا کر ڈینئیل ویٹوری کے ہاتھوں بولڈ ہو گئے۔ انھوں نے 22 گیندوں کر 6 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 55 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی۔


سچن اور سہواگ کے آؤٹ ہونے کے بعد کوئی بھی کھلاڑی وارن وارئیرز کا جم کر مقابلہ نہ کرسکا اور ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 140 ہی بنا سکی۔ وارن وارئیرز کی جانب سے شین وارن اور اینڈریو سائمنڈ نے 3، 3 جب کہ ڈینئل ویٹوری اور ایلن ڈونلڈ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے 4 اوورز میں صرف 16 رنز دیئے۔

وارن وارئیرز کی جانب سے جیکس کیلس اور میتھیو ہیڈن نے اننگز کا آغاز کیا لیکن راولپنڈی ایکسپریس نے تیسرے ہی اوور میں ہیڈن کو وکٹوں کے پیچھے معین خان کے ہاتھوں آؤٹ کرادیا جب کہ جیکس کیلس کو 13 کے انفرادی اسکور پر مرلی دھرن نے رن آؤٹ کردیا۔ ابتدائی بلے بازوں کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد رکی پونٹنگ اور کمارا سنگاکارا نے جارحانہ انداز کے بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور 102 رنز پر پہنچا دیا۔ سنگاکارا 41 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ اینڈریو سائمنڈ بھی صرف ایک رن ہی بنا سکے۔ اس کے بعد جونٹی رہوڈز نے پونٹنگ کا آخر تک ساتھ دیا اور جونٹی نے ٹنڈولکر کی گیند پر ریورس سوئپ پر شاندار چھکا لکا کر وننگ اسٹروک کھیلا۔ شین وارن کو عمدہ بولنگ کا میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ تین میچوں پر مشتمل اسٹارز الیون سیریز کا دوسرا میچ یکم نومبر کو کھیلا جائے گا۔
Load Next Story