اردن کے پولیس ٹریننگ سینٹر میں فائرنگ سے ہلاکتوں کی تعداد 6 ہوگئی

فائرنگ تربیتی سینٹر میں موجود سیکیورٹی اہلکار نے کی جس نے خود کو بھی گولی مار کر خودکشی کرلی

فائرنگ تربیتی سینٹر میں موجود سیکیورٹی اہلکار نے کی جس نے خود کو بھی گولی مار کر خودکشی کرلی، فوٹو:فائل

اردن کے ایک پولیس ٹریننگ سینٹر میں سیکیورٹی اہلکار کی فائرنگ سے 6 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔



غیر ملکی میڈیا کے مطابق واقعہ اردن کے دارالحکومت عمان میں پیش آیا جہاں عراقی اور فلسطینی پولیس اہلکاروں کی تربیت کے لیے امریکا کی جانب سے قائم کیے گئے پولیس تربیتی سینٹرمیں تربیتی پروگرام جاری تھا کہ سیکیورٹی پر مامورایک اردنی پولیس اہلکار نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 2 امریکی فوج کے اور ایک جنوبی افریقن ٹرینر سمیت 6 اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں جب کہ چند افراد زخمی ہوگئے، ہلاک ہونے والوں میں اردن کے 3 شہری بھی شامل ہیں، فائرنگ کے بعد حملہ آور سیکیورٹی اہلکار نے بھی خود کو گولی مار کر خود کشی کرلی۔

خبر ایجنسی کے مطابق زخمی ہونے والے افراد میں جرمن اہلکار بھی شامل ہیں جو وہاں تربیتی پروگرام کے سلسلے میں موجود تھے۔ اردنی حکام اور عمان کے امریکی سفارت خانے کی جانب سے اس واقعے پر فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا جب کہ فوری طور پر واقعے کی کوئی وجوہات بھی سامنے نہیں آسکی ہیں۔

واضح رہے کہ اردن خطے میں امریکا کا مضبوط اتحادی سمجھا جاتا ہے اور شام وعراق میں داعش کے خلاف جاری جنگ میں بھی اردن امریکی اتحاد کی حمایت کرتا رہا ہے جس کی وجہ سے داعش اور دیگر انتہا پسند تنظیموں کی جانب سے اردن کو دھمکیاں بھی دی جاتی رہی ہیں۔
Load Next Story