ٹی وی اداکارہ سلینا سپرا نے فلم انڈسٹری میں انٹری کا سگنل دیدیا

فلم انڈسٹری بحال اورپاکستانی فلموں کے معیار میں تبدیلی دکھائی دے رہی ہے، اداکارہ سلینا

فلم انڈسٹری بحال اورپاکستانی فلموں کے معیار میں تبدیلی دکھائی دے رہی ہے، اداکارہ سلینا۔ فوٹو : فائل

ISLAMABAD:
معروف اداکارہ سلینا سپرا نے ٹی وی ڈراموں میں منفرد کردارنبھانے کے بعد فلم انڈسٹری میں جاندارانٹری کا گرین سگنل دے دیا۔

ٹی وی پراپنی حقیقت کے قریب تراداکاری کے باعث جہاں بہت سے منفرد کردارمل رہے ہیں، وہیں بڑی اسکرین پر انوکھے اندازمیں متعارف کروانے کے لیے معروف پروڈکشن ہاؤس نے پیشکش کردی ہے۔ اس حوالے سے بات کرتے ہوئے سلینا سپرانے ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ میری پہلی ترجیح ٹی وی ڈرامہ ہی ہے اوریہی رہے گا لیکن اس وقت پاکستان میں فلمسازی کا شعبہ بڑی تیزی کے ساتھ بحال ہورہا ہے۔


گزشتہ چند برسوں کے دوران پاکستانی فلموں کے معیار میں خاصی تبدیلی دکھائی دے رہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ مجھے بھی فلموں میں کام کرنے کی پیشکش توہورہی ہیں لیکن میں کسی ایسے کردارکے ساتھ فلم انڈسٹری میں قدم رکھنا چاہتی ہوں جس کو لوگ یادرکھیں ۔ کراچی سے تعلق رکھنے والے معروف پروڈکشن ہاؤس نے مجھے حال ہی میں ایک فلم میں کام کرنے کی پیشکش کی ہے، مگرمیں نے فی الحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں لیا، لیکن یہ بات طے ہے کہ میں فلموں میں کام ضرور کرونگی۔

انھوں نے کہا کہ فلم کی انٹرنیشنل مارکیٹ میں ہیرو، ہیروئن کے علاوہ بھی ایسے کردارہوتے ہیں جواپنی جاندار اداکاری سے لوگوں کے دلوں پرراج کرتے ہیں۔ اس لیے میں بھی کچھ ایسا کرنا چاہتی ہوں کہ میری اپنی ایک الگ پہچان فلم میں بن پائے۔ ایک سوال کے جواب میں سلینا سپرا نے کہا کہ پاکستانی ڈرامہ ہمیشہ کی طرح آج بھی ملک اوربیرون ممالک بسنے والوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا۔ مجھ سمیت تمام فنکاربہترین کام کررہے ہیں اوراسی لیے ہمارا ڈرامہ پڑوسی ملک میں بھی بہت پسند کیاجارہا ہے۔

اسی لیے میری پہلی ترجیح ڈرامہ ہے اوراس کے بعد فلم انڈسٹری۔ مگرایک اداکارہ کی حیثیت سے میں اپنی صلاحیتوں کوبڑی اسکرین پربھی لانا چاہتی ہوں اورمجھے امید ہے کہ میرے چاہنے والے جلد ہی کسی فلم میں مجھے ایک اچھوتے کردارمیں دیکھیں گے۔
Load Next Story