وارنر نے کیوی بولرزکے اعصاب شل کردیے ناقابل شکست ڈبل سنچری

پرتھ ٹیسٹ کے پہلے دن آسٹریلیا نے2 وکٹ پر416رنزبنالیے،عثمان خواجہ مسلسل دوسری تھری فیگراننگز سجانے میں کامیاب

پرتھ ٹیسٹ: آسٹریلوی بیٹسمین ڈیوڈ وارنر اونچا شاٹ کھیلنے کے بعد گیند کو دیکھ رہے ہیں ۔ فوٹو : اے ایف پی

ڈیوڈ وارنر نے کیوی بولرز کے ا اعصاب شل کر دیے،اوپنرکے کیریئر کی اولین ڈبل سنچری نے پرتھ ٹیسٹ کے پہلے دن کینگروز کا اسکور 2 وکٹ پر416رنزتک پہنچا دیا،عثمان خواجہ مسلسل دوسری تھری فیگر اننگز سجانے میں کامیاب رہے۔

تفصیلات کے مطابق پرتھ ٹیسٹ میں بھی نیوزی لینڈ کے بولرز کی آزمائش جاری رہی، آسٹریلیا نے پہلے ہی دن2وکٹ پر 416رنز جوڑ لیے، میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کرنے میں ذرا بھی تامل نہیں کیا،ان فارم وارنر نے جوئے برنزکے ہمراہ101کی پارٹنر شپ بنائی،برنز(40) میٹ ہنری کی گیند پر آؤٹ ہوئے، اس کے بعد وارنر نے عثمان کے ساتھ مل کر مہمان بولرز کی درگت بنانے کا سلسلہ جاری رکھا۔


عثمان کو 38 کے انفرادی اسکورپر ایک چانس ملا، آف اسپنر مارک کریگ کی گیند پر امپائر نے کاٹ بی ہائنڈ کی اپیل رد کردی تاہم ٹی وی ری پلے کچھ اور کہانی سنارہے تھے، اسی اسکور پر عثمان کیخلاف ساؤتھی کی جانب سے ایل بی ڈبلیو کی پُرزور اپیل بھی رد ہوئی، اس معاملے میں بھی میزبان بیٹسمین خوش قسمت رہے، چائے کے وقفے سے قبل عثمان کا باؤنڈری لائن پر کیچ تھامانہیں جاسکا بلکہ 6رنز مل گئے، اس وقت وہ62 رنزپرکھیل رہے تھے۔

وارنر نے حالیہ سیریز میں مسلسل تیسری سنچری داغ دی، انھوں نے اس سے قبل برسبین میچ کی بھی دونوں اننگز میں تہرے ہندسوں تک رسائی پائی تھی، عثمان خواجہ (121)اپنے کیریئر کی دوسری سنچری بنانے میں کامیاب رہے، انھوں نے وارنر کے ہمراہ302رنز کی شراکت کا ملکی ریکارڈ قائم کیا، عثمان دن کے اختتامی لمحات میں پویلین واپس ہوئے،کیوی بولرزکو وکٹ سے کوئی خاص مدد نہیں مل سکی۔

جس کا بھرپور فائدہ آسٹریلوی بیٹسمینوں نے اٹھایا، وارنر نے کیریئر کے 45ویں میچ میں 15ویں ٹیسٹ سنچری بنائی،یہ ان کے کیریئر کا بہترین انفرادی اسکور بھی ہے، انھوں نے 78کے انفرادی اسکور پر ریویو سے بھی وکٹ بچائی، دن کے اختتام پر اوپنر 244 پر ناقابل شکست رہے،کپتان اسٹیو اسمتھ 5رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔
Load Next Story