جب کوئی حادثہ ہوجائے ابتدائی طبی امداد سے متعلق کچھ سود مند ویب سائٹس

اپنے بچوں کو تمام حادثات سے محفوظ رکھنا والدین کی اولین ترجیح ہوتی ہے۔

اپنے بچوں کو تمام حادثات سے محفوظ رکھنا والدین کی اولین ترجیح ہوتی ہے۔ فوٹو : فائل

منے کو کھیل کے دوران چوٹ لگ جائے یا ابا جی کے سینے میں درد اٹھے یا چھوٹی آدھی رات کو پیٹ میں درد سے رونے لگے یا اماں کو سردی سے کپکپی ہو رہی ہو یا گڈو کی سیڑھیوں سے گر کر ہڈی ٹوٹ گئی ہو۔

غرض کسی بھی ایسی صورت حال میں اگر اسپتال جانا یا معالج سے رابطہ کرنا فوری طور پر ممکن نہ ہو تو ابتدائی طبی امداد کے ذریعے مریض کو وقتی آرام پہنچایا یا بیماری یا چوٹ کو مزید پیچیدگی سے بچایا جاسکتا ہے۔ ابتدائی طبی امداد کسی چوٹ یا حادثے کی صورت میں تکلیف یا نقصان کو کم کرنے میں معاون ثابت ہوتی ہے۔ بعض اوقات ابتدائی طبی امداد متاثرہ شخص کی جان بچانے میں بھی کارگر ثابت ہوتی ہے، تاکہ اسپتال پہنچنے تک کسی قسم کی پیچیدگی یا نازک صورت حال کی نوبت نہ آنے پائے۔

لہٰذا کسی بھی ایسی صورت حال میں حواس کو بحال رکھ کر ہنگامی اقدام کرنا ہوتے ہیں اور یہ تب ہی ممکن ہے جب اس کے متعلق بنیادی معلومات ہوں۔ اسی لیے آج ویب دریچے میں آپ کو ابتدائی طبی امداد کے متعلق چند ویب سائٹس کے متعلق بتا رہے ہیں۔

٭www.firstaid.about.com

مختلف بیماریوں یا حادثات میں ابتدائی طبی امداد کے متعلق اس ویب سائٹ میں تفصیلاً بیان کیا گیا ہے۔ ٹھنڈ لگ گئی ہو، کھانسی ہو، ہڈی ٹوٹ جائے یا شہد کی مکھی کاٹ لے، غرض اس سائٹ پر بے شمار بیماریوں اور حادثات کی ابتدائی طبی امداد سے لے کر گھریلو ٹوٹکے تک موجود ہیں اور ساتھ معلومات بھی درج ہیں۔ گھروں میں عموماً پیش آنے والے چھوٹے موٹے حادثات کو بھی تفصیلاً سمجھایا گیا ہے، مثلاً نکسیر پھوٹنا، انگلی کٹ جائے، پیر میں موچ آجائے، کوئی کانٹا چبھ جائے، قے دست ہوجائیں یا بچوں کے سر میں چوٹ لگ جائے۔ مختلف بیماریوں کے متعلق تفصیلاً معلومات بیان کی گئی ہیں۔

الرجی، جیسے جوڑوں کا درد، دمہ، سرطان، ذہنی دباؤ، ذیابیطس، امراض قلب، تھائی رائیڈ وغیرہ۔ اس کے علاوہ وزن کم کرنے، صحت و غذائیت، کم نشاستے والی غذائیں اور بے شمار دیگر موضوعات پر بھی مفید معلومات اس ویب سائٹ میں موجود ہیں۔ اس ویب سائٹ میں بہت سی تکالیف اور چوٹوں کے متعلق تفصیلاً بیان کیا گیا ہے کہ گھر پر ابتدائی طبی امداد کے ذریعے آرام آسکتا ہے یا وہ کون سی علامات ہوتی ہیں جب اسپتال جانا یا ایمبولینس کو بلانا ضروری ہوتا ہے۔

ابتدائی طبی امداد میں پیش آنے والے مسائل کا بھی تذکرہ کیا گیا ہے۔ ابتدائی طبی امداد کے ضمن میں فرسٹ ایڈ باکس بے حد اہمیت کا حامل ہے، یعنی ایسا ڈبا جس میں ایسی ضروری اشیا ہوں جو کسی بھی ہنگامی صورت حال میں ابتدائی طبی امداد کے کام آئیں۔ اسی طرح کچھ مفید ویڈیوز بھی اس ویب سائٹ میں شامل ہیں۔ دوران سفر کس قسم کی طبی امداد کی ضرورت ہوتی ہے یا جل جانے یا آگ لگ جانے کی صورت میں کیا کرنا چاہیے۔ غرض بحیثیت مجموعی یہ ویب سائٹ ابتدائی طبی امداد کے لحاظ سے بے حد مفید معلومات فراہم کرتی ہے۔

٭www.wikihow.com/do-basic-first-aid

یہ ویب سائٹ بھی ابتدائی طبی امداد کے ضمن میں بہت سی معلومات فراہم کرتی ہے۔ خدانخواستہ کوئی زخمی ہوجائے، چوٹ لگ جائے، الرجی ہو، یا دل کا دورہ پڑے۔ غرض کسی بھی ہنگامی صورت حال میں فوری طور پر مریض کو کیا ابتدائی طبی امداد دینی چاہیے اور کس طرح دینی چاہیے اس کو بھی تصاویر کے ذریعے واضح کیا گیا ہے۔ کسی بھی حادثے کی صورت میں متاثرہ شخص کی مدد کس طرح کی جائے کس قسم کی ابتدائی طبی امداد دی جائے۔


بے ہوش ہوجانے والے شخص کو کیا ابتدائی طبی امداد دینی چاہیے۔ نبض کا معائنہ کس طرح کیا جائے۔ سانس کی بحالی اور ہوش میں لانے کے لیے کیا کرنا چاہیے۔ہڈی ٹوٹ جائے، جل جائے یا دم گھٹ جانے کی صورت میں متاثرہ شخص کو کیا ابتدائی طبی امداد دی جائے۔ زخمی شخص کو یا دل کا دورہ پڑنے کی صورت میں مریض کو اسپتال تک پہنچنے تک کیا ابتدائی طبی امداد دینی چاہیے۔ اس کے علاوہ ابتدائی طبی امداد دینے والے شخص کے لیے تجاویز بھی درج ہیں اور کن صورتوں میں احتیاط ضروری ہے۔ ان کے متعلق بھی بیان کیا گیا ہے۔ یہ ویب سائٹ ابتدائی طبی امداد دینے والوں کے لیے بے حد مفید ویب سائٹ ہے۔

٭www.webmd.com/first-aid/

اس ویب سائٹ میں بے شمار موضوعات کو تفصیلاً بیان کیا گیا ہے اور ہر موضوع کو علیحدہ علیحدہ بیان کیا گیا ہے کہ کسی مخصوص تکلیف میں کن صورتوں میں فوری طور پر طبی امداد یعنی اسپتال پہنچنا ضروری ہے۔

کون سی علامات ہیں جن کے لیے ابتدائی طبی امداد کارگر ثابت ہوسکتی ہے۔ اس میں شامل موضوعات ایسے ہیں جو روز مرہ زندگی میں کسی بھی لمحے پیش آسکتے ہیں۔ جانور کا کاٹنا، جل جانا، چوٹ لگنا، زخم، کٹ جانا، خون بہنا، شہد کی مکھی یا کیڑے وغیرہ کا ڈنک مارنا، دست، بخار، دل کی دھڑکن تیز ہونا، لُو لگ جانا، نکسیر، پٹھوں کا کھچاؤ، الرجی، ایڑی میں موچ آجانا، دمہ وغیرہ وغیرہ۔ غرض بے شمار موضوعات پر تفصیلاً بیان کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ مختلف موضوعات پر تصاویر کے ذریعے بھی واضح انداز میں سمجھایا گیا ہے کہ ابتدائی طبی امداد کے ضمن میں کیا کرنا چاہیے اور کیا نہیں کرنا چاہیے۔

٭www.kidshealth.org/parent/firstaid_safe/

اپنے بچوں کو تمام حادثات سے محفوظ رکھنا والدین کی اولین ترجیح ہوتی ہے۔ اس ویب سائٹ میں اسی بات کو مدنظر رکھتے ہوئے مختلف موضوعات کے متعلق بیان کیا گیا ہے۔ بچوں کی گھر کے اندر اور باہر کیسے حفاظت کی جائے، حادثات سے کیسے بچایا جائے۔ کسی ہنگامی صورت حال سے کیسے نمٹا جائے۔ کسی فرسٹ ایڈ میں کیا رکھا جائے؟ کس صورت حال میں متاثرہ شخص کو فوری طور پر اسپتال لے جایا جائے۔

ان ہی تمام باتوں کو مد نظر رکھتے ہوئے مختلف موضوعات کو بیان کیا گیا ہے۔ بچوں کے بیمار پڑنے یا چوٹ لگنے کی صورت میں کن چھوٹی موٹی بیماریوں میں گھریلو علاج سے استفادہ کیا جاسکتا ہے اور کب معالج سے رابطہ ضروری ہے؟ اس کے علاوہ اپنے گھر کو بچوں کے لیے کیسے محفوظ بنایا جائے۔

گھر کے مختلف حصوں میں کن تدابیر کو اختیار کرکے بچوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ بچوں کے کھلونوں سے لے کر کھانے پینے، بچوں کو گھر پر تنہا چھوڑنے، اپنے نوجوان بچوں کی پہلی ملازمت پر ان کے تحفظ کو یقینی بنانے، ہاتھ دھونے کی اہمیت اور گھر اور اولاد سے وابستہ دیگر بے شمار موضوعات پر مفید معلومات اس ویب سائٹ پر موجود ہیں۔ بچوں کے جھولے ، کار کی سیٹ، مختلف کھیلوں کے دوران، سیر وتفریح کے دوران غرض گھر سے باہر بچوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے متعلق بھی بے شمار موضوعات کو تفصیلاً بیان کیا گیا ہے۔

سفر کے دوران بچوں کی بوریت کو کیسے ختم کیا جائے، بچوں کو ٹھنڈ لگنے سے بچانا، کھیل کے دوران لگنے والی مختلف چوٹوں سے بچانا اور اسی طرح کے دیگر بے شمار موضوعات پر مفید معلومات اس میں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ بچوں کو مختلف قسم کی چوٹیں لگنے، مختلف بیماریوں، جانوروں کے کاٹنے یا مختلف حادثات میں کیا ابتدائی طبی امداد فراہم کی جائے۔ والدین کے لیے یہ ویب سائٹ بے حد مفید ثابت ہوگی۔
Load Next Story