کراچی میں رینجرز نے مسجد پر حملہ ناکام بنا دیا 4 اہلکار شہید

رینجرز اہلکار مسجد کے باہر ڈیوٹی پر مامور تھے کہ موٹر سائیکل پر سوار حملہ آوروں نے ان پر فائر کھول دیئے، ڈی آئی جی

رینجرز نے علاقے کا محاصرہ کر کے حملہ آوروں کی تلاش کے لئے سرچ آپریشن شروع کردیا۔ فوٹو:ایکسپریس

بلدیہ ٹاؤن کے علاقے میں رینجرز نے مسجد پر حملہ ناکام بنا دیا جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں 4 اہلکار شہید ہوگئے۔



ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈی آئی جی ویسٹ فیروز شاہ کا کہنا ہے کہ کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں اتحاد ٹاؤن کے قریب رینجرز اہلکار جامعہ مسجد ابو ہریرہ کی سیکیورٹی پر مامور تھے کہ 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 حملہ آوروں نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں دو اہلکارموقع پر ہی شہید ہو گئے جب کہ قریب ہی کھڑی رینجرز کی گاڑی میں موجود اہلکاروں نے حملہ آوروں کی مزاحمت کرنا چاہی تو حملہ آوروں نے ان پر بھی فائر کھول دیئے جس کے نتیجے میں دونوں اہلکار زخمی ہوگئے۔ امدادی ٹیموں کے اہلکاروں نے زخمی ہونے والے اہلکاروں کو فوری طورپرقریبی اسپتال منتقل کیا جہاں دوران علاج دونوں اہلکار جانبر نہ ہوسکے۔ حملے میں شہید ہونے والے اہلکاروں میں شاہد، قاسم، اشتیاق اور اختر علی شامل ہیں۔



عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حملہ آور حب ریور روڈ کی جانب سے آئے اور اتحاد ٹاؤن کے علاقے میں فرارہوگئے جب کہ رینجرز کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر علاقے کا محاصرہ کرلیا ہے اور حملہ آوروں کی تلاش کے لئے سرچ آپریشن بھی شروع کردیا گیا ہے۔






ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر رینجرز اہلکاروں پر حملے کے فوری بعد جائے وقوعہ پر پہنچے اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ حملہ آور مسجد ابو ہریرہ پر حملہ کرنا چاہتے تھے جسے رینجرز اہلکاروں نے ناکام بنا دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حملہ آور دہشت گرد تھے یا ٹارگٹ کلر انہیں ہر صورت کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔





وزیراعظم نوازشریف نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سندھ حکومت کو فوری ملزمان کی گرفتاری کا حکم دیا ہے جب کہ وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال نے بھی رینجرز اہلکاروں پر فائرنگ کا نوٹس لیتے ہوئے حملہ آوروں کی گرفتاری کا حکم جاری کردیا ہے۔ ادھر ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد وزیراعلیٰ سندھ نے ڈی جی رینجرز کو فون کیا اور واقعے پر افسوس کا اظہار کیا جب کہ اس موقع پر شہر میں امن و امان کی صورتحال پر بھی بات کی گئی۔



دوسری جانب چاروں شہید اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی جس میں ڈی جی رینجرز، کورکمانڈر کراچی اور ایڈیشنل آئی جی کراچی سمیت دیگر اعلیٰ پولیس افسران نے بھی شرکت کی۔

واضح رہے کہ رواں برس سیکیورٹی اہلکاروں پر حملے میں اب تک افسران سمیت 79 اہلکار جاں بحق جب کہ20 زخمی ہو چکے ہیں۔

https://www.dailymotion.com/video/x3eslkb_attack-on-rangers-in-karachi_news
Load Next Story