دبئی میں شہریار خان اور ششانک منوہر کی ملاقات بے نتیجہ ختم

پاکستان اور بھارت کے درمیان مفاہمتی یادداشت کے تحت بھارت کو آئندہ ماہ پاکستان سے سیریز کیلئے متحدہ عرب امارات آنا ہے

بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہ سے مذاکرات نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوئے،چیرمین پی سی بی شہریارخان، فوٹو: فائل

پاک بھارت کرکٹ سیریز کی بحالی کے لئے پاکستان اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہان کے درمیان ہونے والی ملاقات بے نتیجہ ثابت ہوئی۔

دبئی میں واقع انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کے ہیڈ کوارٹر میں ہونے والی ملاقات میں دونوں کرکٹ بورڈ کے سربراہان کے علاوہ پی سی بی ایگزیکٹو کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی اور آئی سی سی ٹاسک فورس کے صدر جائلز کلارک بھی شریک تھے جس میں جائلز کلارک نےشہریارخان اور ششناک منوہر کے درمیان ثالث کا کردارادا کیا، ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مفاہمتی یادداشت کے تحت دسمبر میں ہونے والی پاک بھارت سیریز پر تبادلہ خیال کیا گیا تاہم شہریار خان اورششانک منوہر اس حوالے کسی نتیجے پر نہ پہنچ پائے اور دونوں کے درمیان ملاقات بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگئی۔


دوسری جانب میڈیا سے بات کرتے ہوئے پی سی بی کے چیرمین شہر یارخان نے اس بات کی تصدیق کی کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہ سے مذاکرات نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوئے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان 6 باہمی سیریز کی مفاہمتی یاداشت پر دستخط ہوئے تھے جس کے تحت بھارت کو آئندہ ماہ پاکستان سے ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی 20 میچز کھیلنے کے لئے متحدہ عرب امارات آنا ہے لیکن بھارت نے آنے سے انکار کردیا تاہم گزشتہ ہفتے بھارتی بورڈ نے تجویز پیش کی تھی کہ ون ڈے اور ٹی 20 میچز کی سیریز بھارت میں ہی کرائی جائے جسے پاکستان نے مسترد کردیا تھا۔
Load Next Story