ٹی 20 کرکٹ سری لنکا نے میتھوز کو منصب قیادت پر بٹھا دیا

لسیتھ مالنگا نائب ہوں گے، ٹیم کے لیے ماہر نفسیات کا تقرر کرنے کی تجویز منظور۔

لسیتھ مالنگا نائب ہوں گے، ٹیم کے لیے ماہر نفسیات کا تقرر کرنے کی تجویز منظور۔ فوٹو: فائل

سری لنکا نے ٹوئنٹی20 کرکٹ میںآل رائونڈر انجیلو میتھوزکو ایک برس کیلیے منصب قیادت پر بٹھا دیا، ٹیم کیلیے ماہر نفسیات کے تقرر کی تجویز بھی منظور کر لی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق رواں ماہ ٹوئنٹی 20 ورلڈکپ فائنل میں شکست کے بعد مہیلا جے وردنے نے قیادت چھوڑنے کا اعلان کر دیا تھا، بورڈ نے اب ان کی جگہ انجیلو میتھیوز کو ذمہ داری سونپ دی ہے، ابتدائی طور پر وہ ایک برس کیلیے فرائض انجام دیں گے،25 سالہ آل رائونڈر دیگر دونوں طرزکی ٹیموں کے نائب کپتان ہیں، چیف سلیکٹر اشانتھا ڈی میل نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے میتھیوز کو12 ماہ تک آزادی سے کام کرنے کا موقع دیا ہے،اس کے بعد کارکردگی کا جائزہ لے کر مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔


نو منتخب کپتان کی پہلی آزمائش30 اکتوبر کو نیوزی لینڈ کیخلاف پالے کیلی میں واحد ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ہو گا، فاسٹ بولر لیستھ مالنگا مختصر طرز کی کرکٹ میں میتھیوز کے نائب ہوں گے، ان کا تقرر بھی ایک سال کیلیے ہوا ہے۔ ٹیم کے دورئہ سری لنکا کے بعد جے وردنے اپنے کردار پر نظر ثانی کا عندیہ دے چکے لہذا سلیکٹرز کو آئندہ برس فروری میں نئے ٹیسٹ اور ون ڈے کپتان کا انتخاب بھی کرنا پڑ سکتا ہے، میتھیوز اس کے مضبوط امیدوار ہوں گے۔ دریں اثنا سری لنکا نے مسلسل فائنلز ہارنے کے مرض سے چھٹکارا پانے کیلیے ماہر نفسیات کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کر لیا، یہ تجویز چیف سلیکٹر اشانتھا ڈی میل نے پیش کی تھی۔

اس حوالے سے وزیر کھیل مہندانندا آلوتھ گامگے نے کہا کہ چوکرز کے لقب سے نجات کیلیے ضروری ہے کہ پلیئرز کی کونسلنگ کی جائے، ہم نے مستقبل میں دنیا کے نامور ماہرنفسیات کی خدمات حاصل کرنے کا ارادہ کر لیا جو پلیئرز کو ذہنی بوجھ سے آزاد کرے گا،انھوں نے کہا کہ ہماری ٹیم میں بے تحاشا ٹیلنٹ ہے اور فائنلز ہارنے کی کوئی وجہ نہیں بنتی، ہمیں صرف کھلاڑیوں کی نفسیاتی حالت میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔
Load Next Story