بلدیاتی نظام پرتحفظات دور کرنے کیلیے قوم پرستوں سے رابطہ

پی پی نے گل محمد جھکرانی کو ٹاسک دے دیا، جسقم رہنما سرفراز میمن سے ملاقات.

قادر مگسی، زین شاہ و دیگر سے ملنے جھکرانی حیدرآباد روانہ، بل میں ترمیم پر آمادہ کرینگے. فوٹو: فائل

پیپلزپارٹی نے نئے بلدیاتی نظام پر تحفظات دور کرنے کے لیے قوم پرستوں سے باضابطہ رابطہ کرلیا۔


گل محمد جھکرانی کی جسقم کے مرکزی رہنما سرفراز میمن سے ملاقات، جلد دیگر قوم پرست پارٹیوں سے بھی رابطہ کرنے کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق سندھ میں نئے بلدیاتی نظام پر قوم پرست تنظیموں کے تحفظات ختم کرانے کا ٹاسک پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی گل محمد جھکرانی کو دیا گیا ہے، جنہوں نے قوم پرستوں سے رابطے شروع کردیے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ گل محمد جھکرانی 3 روز سے زرداری ہائوس میں مقیم تھے اور انہوں نے گزشتہ شب ہائوسنگ سوسائٹی میں واقع جسقم کے مرکزی رہنما سرفراز میمن کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق گل محمد جھکرانی نے سرفراز میمن سے ملاقات کو خفیہ رکھا۔

ملاقات ایک گھنٹہ جاری رہی جس میں جسقم رہنما نے یقین دلایا کہ وہ قیادت کے سامنے معاملات رکھیں گے۔ ذرائع کے مطابق سرفراز میمن سے ملاقات بعد جھکرانی حیدرآباد روانہ ہوگئے جہاں وہ ایس ٹی پی کے چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی ، سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے شاہ محمد شاہ اور سید زین شاہ سمیت دیگر رہنمائوں سے ملاقات میں انہیں تحفظات ختم کرنے اور بل میں ترامیم پر آمادہ کریں گے، واضح رہے کہ گل محمد جھکرانی کا شمار جیے سندھ اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے بانیوں میں ہوتا ہے، اس حوالے سے ان کے تمام قوم پرستوں سے پرانے تعلقات ہیں۔
Load Next Story